سیاست کے دوبڑے حریف مسلم لیگ ن اور مسلم لیگ ق میں دوریاں کم ہونے لگیں، شہباز شریف کے صاحبزادے حمزہ شہباز چوہدری شجاعت حسین کی عیادت کرنے اسپتال جاپہنچے۔
اپوزیشن لیڈر پنجاب اسمبلی حمزہ شہباز نے مسلم لیگ ق کے صدر چوہدری شجاعت حسین کی لاہور کے مقامی اسپتال میں جا کر عیادت کی۔
اسپیکر پنجاب اسمبلی چوہدری پرویز الہٰی بھی وہاں موجود تھے، حمزہ شہباز نے چوہدری شجاعت حسین سے ان کی خیریت دریافت کی، پرویز الہٰی نے چوہدری شجاعت حسین کی خیریت دریافت کرنے پر حمزہ شہباز کا شکریہ ادا کیا۔
چوہدری شجاعت حسین کے صاحبزادے سالک حسین سے گفتگو کرتے ہوئے حمزہ شہباز کا کہنا تھا کہ چوہدری شجاعت سینیئر سیاست دان اور نہایت نفیس انسان ہیں، ان کی مکمل صحت یابی اور تندرستی کے لیے دعا گو ہوں۔
حمزہ شہباز کا کہنا تھا کہ چوہدری برادران کی فیملی سے ہمارا احترام کا رشتہ ہمیشہ قائم رہےگا۔
دوسری جانب سابق وزیراعظم اور مسلم لیگ ن کے قائد نواز شریف اور ان کی بیٹی مریم نواز نے بھی چوہدری سالک حسین سے فون پر رابطہ کیا اور چوہدری سالک سے ان کے والد چوہدری شجاعت حسین کی خیریت دریافت کی۔
نواز شریف کا کہنا تھا کہ چوہدری شجاعت حسین وضع داری کی علامت ہیں۔مریم نےکہا کہ ہم سب ان کی جلد صحت یابی کے لیے دعا گو ہیں۔
خیال رہے کہ گزشتہ روز شہباز شریف نے بھی چوہدری سالک کو فون کرکے چوہدری شجاعت کی خیریت دریافت کی تھی۔