ہم 50 سال میں فری اینڈ فیئرالیکشن نہیں کراسکے،وزیراعظم
وزیراعظم عمران خان نےکہا ہےکہ سینیٹ الیکشن کے لیے پیسے لینے کی ویڈیوز دکھانےکے باوجود کچھ نہیں ہوا، دھاندلی ختم کرنے کا ایک ہی طریقہ ہے کہ الیکٹرانک ووٹنگ مشین (ای وی ایم) لے آئیں۔
اسلام آباد میں ارکان پارلیمنٹ سے خطاب میں وزیراعظم کا کہنا تھا کہ میں سیاست میں ملک کو بدلنے کے لیے آیا تھا، ہم 50 سال میں فری اینڈ فیئرالیکشن نہیں کراسکے، جب اخلاقیات ختم ہوتی ہے تو کرپشن آتی ہے، اخلاقی قوت سے انصاف ہوتا ہے۔
وزیراعظم کا کہنا تھا کہ سینیٹ انتخابات میں لوگ پیسے لیتے ہیں ، ویڈیو سامنے آگئیں اورکچھ نہیں ہوا،ہمارے ملک کی اخلاقیات کہاں پہنچ گئیں ہیں؟ چاہتے ہیں سینیٹ میں اوپن بیلٹ ہونی چاہیے، خفیہ رائے شماری میں پیسا چلتا ہے، الیکشن کمیشن اور اپوزیشن سینیٹ الیکشن میں اوپن بیلٹ کی مخالفت کیوں کرتے ہیں؟
ان کا کہنا تھا کہ جوبھی سیاست میں ہیں انہیں پتہ ہےکہ سینیٹ الیکشن میں کیا ہوتا ہے، الیکٹرانک ووٹنگ مشین میں ہمارا کیا فائدہ ہے؟ الیکشن کمیشن کا کام صاف شفاف انتخابات کرانا ہے، وہ بھی ای وی ایم کی مخالفت کر رہا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ زیادہ تر دھاندلی نتیجے کے اعلان اور ووٹنگ ختم ہونے کے درمیان ہوتی ہے، دھاندلی ختم کرنے کا،ایک ہی طریقہ ہے کہ ای وی ایم لے آئیں، ہمارا مقابلہ مافیا سے ہے وہ تبدیلی نہیں آنے دےگی، مگر ہمیں لانی ہوگی، آنے والی نسلوں کے لیے بہترپاکستان چھوڑنا چاہتے ہیں۔