سرکاری ملازمہ کے مرنےکے بعد شوہرکو ملازمت دینےکا حکم
بیوہ اور یتیم بچوں کے بعد اب رنڈووں کو بھی قواعد میں نرمی کرکے گریڈ 11 تک کی سرکاری ملازمت مل سکے گی۔
اس مقصد کے لیےلاہور ہائی کورٹ کے ملتان بنچ نے حکومت کو ملازمت کی شرائط اور رولز 1974 میں ترمیم کا حکم دے دیا ہے۔
خیال رہےکہ تقرر اور ملازمت رولز 1974کی دفعہ 17 اے کے تحت اگرکوئی سرکاری ملازم دوران ملازمت وفات پا جائے تو اس کی بیوہ یا کسی ایک بچے کو جو شرائط ملازمت پوری کرتا ہو اسے فوری ملازمت مل جاتی ہے لیکن بیوی کے انتقال کے بعد اس کا شوہر یعنی رنڈوا سرکاری ملازمت کا اہل نہیں تھا۔
اب ہائی کورٹ ملتان بنچ نے شہری محمد صدیق کی درخواست پرسیکرٹری تعلیم کو حکم دیا ہے کہ دوران ملازمت وفات پانے والی ملازمہ کے خاوند کو اس کی قابلیت کے مطابق موزوں ملازمت دی جائے۔
عدالت نے حکم دیا ہےکہ حکومت اپنے رولز میں ترمیم کرے اور آئندہ بیوہ اور یتیم بچوں کے ساتھ رنڈوے کو بھی ملازمت دی جائے، رولز میں ترمیم کے بعد 40 سال عمر تک کی بیوہ ، یتیم بچہ اور رنڈوا بھی انتقال کوٹے پر سرکاری ملازمت کا اہل ہوجائےگا۔