بسم اللہ الرحمن الرحیم

قومی

پٹرولیم کی قیمت میں اضافہ، ن لیگ اور پیپلزپارٹی کی حکومت پر تنقید

وزیراعظم عمران خان کی جانب سے عوام کے لیے تاریخی ریلیف پیکج کے اعلان کے دو روز بعد ہی پیٹرولیم کی قیمت میں مزید 8 روپے اضافے پر پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر اور قائد حزب اختلاف شہباز شریف اور پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کی رہنما شیریں رحمٰن نے حکومت کو کڑی تنقید کا نشانہ بنایا ہے۔

شہباز شریف نے کہا کہ پیٹرولیم نے فی لیٹر 145 روپے کی حد پار نہیں کی بلکہ موجودہ حکومت نے نالائقی، نااہلی اور کرپشن کی ہر حد پار کی ہے۔

انہوں نے کہا کہ عوام کا زندہ رہنا محال ہوگیا ہے جبکہ عالمی مالیاتی ادارے (آئی ایم ایف) کے حکم پر حکومت ابھی پیٹرولیم لیوی بڑھا کر مہنگائی میں مزید اضافہ کرنے والی ہے۔

شہباز شریف نے کہا کہ حکومت آئی ایم ایف سے بجلی کی قیمتیں بڑھانے کی شرط کے سامنے ڈھیر ہوچکی ہے چند روز قبل حکومت نے عوام کو مہنگائی کا پیکج دیا ہے اور اب قوم پوچھ رہی ہے یہ اچھے دن لائے ہیں؟

شہباز شریف نے دعویٰ کیا کہ بھارت میں پیٹرولیم مصنوعات پر ٹیکس اورقیمتیں کم جبکہ پاکستان میں بڑھ گئیں جبکہ سری لنکا اور بنگلہ دیش میں ڈیزل کی قیمت پاکستان سے کم ہے ۔

انہوں نے کہا کہ مہنگائی کے ذریعے عوام کی جیبیں خالی کرنے سے ملک اور معیشت چل سکتی ہے اور عوام اب صرف اس حکومت سے نجات کی دعائیں کررہی ہے، حکومت کا جانا ہی عوام کے لیے ریلیف بن چکا ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ نااہلی پر سرکاری افسران بدلے جارہے ہیں لیکن سب سے بڑی نااہلی، کرپشن پر وزیر اعظم عمران خان کرسی پر جمے ہوئے ہیں اس لیے ثابت ہوگیا کہ موجودہ حکومت عوام کو صرف تکلیف دے سکتی ہے ریلیف اس کے بس کی بات نہیں ہے۔

شہباز شریف نے کہا کہ عمران خان عوام پر ظلم کی علامت اور وہ ان کی خوشیوں کے قاتل بن چکے ہیں، تین سال میں موجودہ حکومت ملک کو راشن کارڈ پر لے آئی ہے ۔

شہباز شریف نے وزیر اعظم عمران خان کو مشورہ دیا کہ وہ مزید تباہی سے بہتر ہے کہ تباہی کرنے کے بجائے گھر چلے جائیں۔

علاوہ ازیں پیپلز پارٹی کی رہنما شیریں رحمٰن نے سماجی روابط کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر کہا کہ تباہی سرکار نے پیٹرول کی قیمت میں مزید 8 روپے 3 پیسے فی لیٹر اضافہ کردیا ہے، دو ہفتے پہلے پیٹرول کی قیمت میں 10 روپے اضافہ کیا گیا تھا، 3 سال میں تباہی سرکار نے تیل کی قیمت میں 53 روپے کا اضافہ کیا ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ وزیراعظم عمران خان پیٹرول کی قیمتیں بڑھا کر کہتے ہیں عوام کو رلیف دے رہے ہیں۔

رہنما پیپلز پارٹی نے کہا کہ وزیراعظم ریلیف دے نہیں، مانگ رہے تھے، پیٹرول کی قیمتوں میں اضافے سے ہر چیز مہنگی ہو گی۔

انہوں نے کہا کہ پہلے ہفتہ وار مہنگائی کی شرح 14.31 فیصد ہو چکی ہے اس لیے حکومت سے مطالبہ ہے کہ وہ عوام پر رحم کرے اور تیل کی قیمتیں واپس لے۔

Back to top button