بسم اللہ الرحمن الرحیم

قومی

خاران میں دھماکہ

صوبہ بلوچستان کے ضلع خاران کے علاقے چیف چوک میں دھماکے سے 11 افراد زخمی ہوگئے جن میں سے 2 کی حالت تشویشناک ہے۔

سیکیورٹی حکام نے بتایا کہ دھماکے میں 4 سے 5 کلو گرام بارودی مواد استعمال کیا گیا تھا اور دھماکا خیز مواد موٹر سائیکل میں نصب کیا گیا تھا۔

دھماکے کے بعد سیکیورٹی فورسز نے علاقے کو گھیرے میں لے کر سرچ آپریشن کیا۔

حکام کے مطابق دھماکے میں شدید زخمی ہونے والوں کو علاج کے لیے کوئٹہ منتقل کیا گیا ہے۔

وزیراعلیٰ بلوچستان میر عبدالقدوس بزنجو نے خاران میں ہونے والے بم دھماکے کی مذمت کرتے ہوئے تحقیقات کا حکم دیا۔

انہوں نے دہشت گردی کی اس کارروائی میں بے گناہ افراد کے زخمی ہونے پر افسوس اور دکھ کا اظہار کیا۔

وزیراعلیٰ بلوچستان کا کہنا تھا کہ ملک دشمن عناصر صوبے کا امن خراب کرنا چاہتے ہیں، دہشت گردی کی بزدلانہ کارروائیوں سے ہمارے حوصلے پست نہیں ہوں گے۔

عبدالقدوس بزنجو کا مزید کہنا تھا کہ صوبے کی عوام دہشت گردی کی عفریت کے خاتمے کے لیے اپنی سیکیورٹی فورسز کے شانہ بشانہ کھڑی ہے۔

ساتھ ہی وزیراعلیٰ نے دھماکے کے نتیجے میں زخمی ہونے والے افراد کو علاج معالجے کی بہترین سہولیات فراہم کرنے کی ہدایت کی۔

Back to top button