کمزور نمیبیا کا آج مضبوط پاکستان سے ٹکرائو
ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں آج دوسرا اور مجموعی طور پر 31 واں میچ کامیابیوں کی راہ پر گامزن پاکستان اور ناکامیوں سے دوچار نمیبیا کی ٹیموں کے درمیان ہوگا ابوظہبی میں ہونے والا یہ میچ پاکستانی وقت کے مطابق شام سات بجے شروع ہوگا یہ پہلا موقع ہوگا کہ پاکستان اور نمیبیا ٹی ٹوئنٹی فارمیٹ میں ایک دوسرے کے مدمقابل آئیں گی، پاکستان کرکٹ ٹیم جو اس ٹورنامنٹ کے سیمی فائنل مرحلے تک رسائی حاصل کرچکی ہے کی اب تک ٹورنامنٹ کے تمام میچوں میں بیٹنگ اور بائولنگ شاندار رہی ہے
اوپنرز کپتان بابر اعظم اور محمد رضوان نے شاندار بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے مخالف ٹیم کی بائولنگ لائن کو تہس نہس کیا ہے جبکہ فخر زمان بھی اچھی کارکردگی دکھا رہے ہیں شعیب ملک اور آصف علی نے گزشتہ دو میچوں میں ٹیم کو مشکلات حالات سے باہر نکالنے میں اہم کردار ادا کیا ہے اسی طرح اگر پاکستان کی بائولنگ لائن کا جائزہ لیا جائے تو شاہین شاہ آفریدی اس وقت اپنے کیریئر کی بہترین فارم میں ہیں اور مخالف بیٹنگ لائن کیلئے ڈرائونا خواب بنے ہوئے ہیں جبکہ آخری اوورز میں حارث رئوف کسی طرح بھی قابو میں نہیں آرہے ہیں اس لحاظ سے ان دونوں شعبوں میں پاکستان کو نمیبیا پر واضح برتری حاصل ہے
نمیبیا کی بیٹنگ لائن اب تک کھیلے گئے میچوں میں کسی بھی طرح اچھی کارکردگی دکھانے میں ناکام رہی ہے اور اس ٹیم کا رنز اور وکٹوں کیلئے انحصار صرف اور صرف تجربہ کار آل رائونڈر ڈیوڈ ویزے پر ہی ہے جبکہ فاسٹ بائولر روبن ٹرمپلمین نئی گیند کے ساتھ قدر اچھی بائولنگ کرا رہے ہیں جبکہ جے جے سمیت کسی حد تک بیٹ اور بال دونوں کے ساتھ کارگر ثابت ہوئے ہیں پاکستان کی ٹیم آج ہونے والے میچ میں ہر لحاظ سے فیورٹ دکھائی دیتی ہے اب دیکھنا یہ ہے کہ کیا پاکستان کی ٹیم آج اس میچ کیلئے ٹیم میں کوئی تبدیلیاں کرے گی یا اپنے وننگ کمبی نیشن کو جاری رکھے گی، امکان ظاہر کیا جا رہے کہ آج کے میچ میں شاید ایک بائولر کو آرام دیکر نوجوان فاسٹ بائولر شاہنواز دھانی کو آزمایا جائے تاہم اس کے بارے میں کچھ بھی حتمی طور پر نہیں کہا جاسکتا ہے کیونکہ اب تک کی معلومات کے مطابق ٹیم مینجمنٹ اور کپتان کسی بھی طرح وننگ کمبی نیشن کو چھیڑنا نہیں چاہتے ہیں۔