فوجی بغاوت کے بعد نظر بند سوڈانی وزیراعظم گھر واپس پہنچ گئے

سوڈان میں فوجی بغاوت کے بعد معزول کیے گئے وزیراعظم عبداللہ حمدوک گھر واپس آگئے۔

غیر ملکی میڈیا کے مطابق عبداللہ حمدوک کے دفتر کی جانب سے ان کی گھر واپسی کی تصدیق کی گئی ہے، انہیں ملک میں فوجی بغاوت کے بعد نامعلوم مقام پر نظر بند کیا گیا تھا اور کابینہ کے متعدد اراکین کو بھی گرفتار کیا گیا تھا۔

غیر ملکی میڈیا رپورٹس میں کہا گیاہے کہ عبداللہ حمدوک اور ان کی اہلیہ کی رہائی عالمی سطح پر فوجی بغاوت کی مذمت کے بعد منگل کے روز عمل میں آئی۔

سوڈان میں فوجی بغاوت کے بعد امریکا اور یورپ نے امداد بند کرنے کی دھمکی دی تھی جب کہ اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل نے بھی عبداللہ حمدوک کی فوری رہائی کا مطالبہ کیا تھا۔

عبداللہ حمدوک کے دفتر سے جاری بیان میں کہا گیا ہےکہ معزول وزیراعظم اور ان کی اہلیہ کو رہائی کے بعد خرطوم میں واقع ان کی رہائش گاہ پر سخت سکیورٹی میں رکھا گیا ہے تاہم فوجی بغاوت کے بعد گرفتار کابینہ اراکین نامعلوم مقام پر ہی حراست میں ہیں۔

Exit mobile version