بسم اللہ الرحمن الرحیم

قومی

نسلہ ٹاور گرانے کیلئے اداروں کو خط، بلڈنگ کے گیس کنکشن منقطع

سپریم کورٹ کے حکم پر نسلہ ٹاور کو کنٹرولڈ بلاسٹنگ کے ذریعے مسمار کرنے کے لیے کمشنر کراچی نے سربراہ ایف ڈبلیو او اور ڈی جی ایس بی سی اے کو خط لکھ دیا جب کہ سوئی سدرن نے عمارت کے گیس کنکشن کاٹ دیے۔

کمشنر کراچی کی جانب سے لکھے گئے خط میں کہا گیا ہےکہ سپریم کورٹ نے 7 روز میں فیصلے پر عمل درآمد کرنے کا حکم دیا ہے، نسلہ ٹاور کی کنٹرولڈ ڈیمولیشن میں ایف ڈبلیو او انتظامیہ کو معاونت فراہم کرے اور سپریم کورٹ کے حکم کی روشنی میں دو روز میں تکنیکی اور سیسمک سروے مکمل کرکے آگاہ کیا جائے۔

اس کے علاوہ کمشنر کراچی نے ڈی جی سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی کو بھی تعاون کے لیے خط لکھا ہے جس میں کہا گیا ہے کہ 7 روز میں نسلہ ٹاور کو کنٹرولڈ ڈیمولیشن کے ذریعے مسمار کرنا ہے اور عدالتی حکم ہے کہ دو روز میں تکنیکی سروے مکمل کرکے رپورٹ کمشنر آفس میں جمع کروائی جائے۔

کمشنر کراچی نے نسلہ ٹاور کو کنٹرولڈ ڈیمولیشن کے معاملے پر متعلقہ اداروں کے سربراہوں سے مشاورت کا فیصلہ کیا ہے جس کے لیے اجلاس آج شام کو ہوگا۔

اجلاس میں ایف ڈبلیو او، این ایل سی، انجینئرنگ فائیو کور، کراچی پولیس چیف، وائس چانسلر این ای ڈی یونیورسٹی، ایم ڈی سولڈ ویسٹ، میونسپل کمشنر کراچی اور متعلقہ ضلعی انتظامیہ کو مدعو کیا گیا ہے۔

دوسری جانب عدالتی حکم پر سوئی سدرن گیس کمپنی کے اہلکار وں نے نسلہ ٹاور کی گیس لائن منقطع کردی جس پر عمارت کے رہائشیوں نے احتجاج کیا۔

Back to top button