قومی
انصاف اور قانون کی حکمرانی کی جنگ جیتے بغیر صحیح جمہوریت نہیں آسکتی،وزیراعظم
وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ وہ جب تک زندہ ہیں انصاف و قانون کی حکمرانی کی جنگ لڑتے رہیں گے۔
اسلام آباد میں رحمۃ للعالمینﷺ کانفرنس سے خطاب میں وزیراعظم نے کہا کہ انصاف اور قانون کی حکمرانی کی جنگ جیتے بغیر صحیح جمہوریت اور خوشحالی نہیں آسکتی۔
انہوں نے کہا کہ برطانیہ میں عوام کا پیسہ چوری کرنے والا پارلیمنٹ تو کیا میڈیا میں منہ نہیں دکھا سکتا، پاناما کیس میں کس طرح کے جھوٹ بولے گئے، انگلینڈ میں قطری خط پیش کیا جاتا تو فوری جیل ہوجاتی۔
عمران خان نے مزید کہا کہ مدینہ کی ریاست نے لوگوں کو انصاف دیا اور بنیادی ضرورتیں پوری کیں۔
اُن کا کہنا تھا کہ ہم ملک کو فلاحی ریاست بنانے کی بھرپور کوشش کررہے ہیں۔
وزیراعظم نے یہ بھی کہا کہ جلد سوا کروڑ خاندانوں کو کھانے پینے کی اشیا کے لیے رقم اور گندم پر سبسڈی دیں گے۔