نیب زدہ سرکاری افسران کو پوسٹنگ دینے سے متعلق کیس میں قومی احتساب بیورو (نیب) سکھر کی جانب سے سندھ ہائی کورٹ میں رپورٹ جمع کرا دی گئی۔
نیب کی عدالتِ عالیہ میں جمع کرائی گئی رپورٹ میں مختلف محکموں کے 285 افسران کی فہرست شامل کی گئی ہے۔
رپورٹ کے مطابق نیب کو رضا کارانہ طور پر رقم واپس کرنے والے افسران کے نام بھی فہرست میں شامل ہیں۔
رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ پلی بارگین کرنے والے، ریفرنس میں نامزد افسران، نیب سے سزا یافتہ اور اپیل کنندہ افسران بھی فہرست میں شامل ہیں۔
نیب کی رپورٹ کے مطابق رقم رضا کارانہ واپسی کرنے والے گریڈ 19 سے 17 کے 10 افسران بھی اس فہرست میں شامل ہیں۔
عدالتِ عالیہ میں جمع کرائی گئی نیب کی رپورٹ میں پلی بارگین کرنے والے سرکاری افسران میں سے گریڈ 17 اور 18 کے 53 افسران شامل ہیں۔
نیب سکھر کی رپورٹ میں مزید بتایا گیا ہے کہ پلی بارگین کرنے والے یہ سرکاری افسران مختلف عہدوں پر تعینات تھے۔
رپورٹ میں نیب سکھر کی جانب سے یہ بھی بتایا گیا ہے کہ نیب کیسز کا سامنا کرنے والے گریڈ 18، 19 اور 20 کے 222 افسران بھی اس فہرست میں شامل ہیں۔