قومی
سعد رضوی کی حراست میں ایک ماہ کی توسیع
کالعدم تحریک لبیک کے سربراہ سعد رضوی کی حراست میں ایک ماہ کی توسیع کردی گئی۔
اعلامیے کے مطابق سپریم کورٹ کے فیڈرل ریویو بورڈ کا اجلاس ویڈیو لنک کے ذریعے کراچی میں ہوا جس میں بورڈ نے کالعدم ٹی ایل پی کے سربراہ سعد رضوی کو زیرحراست رکھنے میں توسیع کی اور اس حوالے سے بورڈ کی جانب سے ایڈیشنل چیف سیکرٹری داخلہ پنجاب کو آگاہ کردیا گیا ہے۔
اعلامیے میں بتایا گیا ہےکہ سعد رضوی کو انسداد دہشتگردی ایکٹ کے تحت کوٹ لکھپت جیل میں رکھا گیا ہے۔
29 ستمبر کو ڈپٹی کمشنر لاہور نے سپریم کورٹ کے فیڈرل ریویو بورڈ کو خط لکھا تھا جس میں سعد رضوی کی حراست کےمعاملے کا جائزہ لینے کے لیے لکھا گیا تھا۔
واضح رہےکہ لاہور ہائیکورٹ نے کالعدم تحریک لبیک پاکستان (ٹی ایل پی) کے سربراہ سعد رضوی کی نظر بندی کالعدم قرار دی تھی۔