امریکی سینیٹ میں پیش کردہ بل میں پاکستان کا نام، دفتر خارجہ ردعمل آگیا
ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا ہے کہ امریکی سینیٹ میں افغانستان سے متعلق پیش کردہ بل کے مسودے میں پاکستان کا ذکر قطعی طور پر بلاجواز ہے۔
اسلام آباد میں صحافیوں کی جانب سے امریکی سینیٹ میں پیش کیے گئے بل سے متعلق سوالوں کے جواب دیتے ہوئے ترجمان دفتر خارجہ عاصم افتخار کا کہنا تھا کہ ہم دیکھ رہے ہیں کہ امریکا میں میڈیا پر اور کیپیٹل ہل میں افغانستان سے فوجی انخلا سے متعلق معاملات زیر بحث ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ امریکی سینیٹ میں کچھ ری پبلکن سینیٹرز کی جانب سے پاکستان سے متعلق پیش کیا گیا ڈرافٹ کا مسودہ اسی بحث کا نتیجہ ہے۔
عاصم افتخار کا کہنا تھا کہ پیش کیے گئے بل میں پاکستان سے متعلق حوالاجات بلاجواز ہیں، ہم ایسے تمام حوالاجات کو افغانستان کے حوالے سے 2001 سے جاری پاک امریکا تعاون کی روح کے منافی تصور کرتے ہیں، ایسی مجوزہ قانون سازی جیسے اقدامات نامعقول اور غیر نتیجہ خیز ہیں۔
ترجمان دفتر خارجہ نے وضاحت کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان مستقل طور پر یہ کہتا آ رہا ہے کہ افغان صورت حال کا حل کوئی جنگ نہیں ہے۔