حرم شریف کی زیارت کرنا ہر مسلمان کا خواب ہوتا ہے تاہم کچھ خوش نصیب ایسے بھی ہوتے ہیں جنہیں دن رات خانہ کعبہ کی زیارت نصیب ہوتی ہے۔
ایسے ہی افراد میں پاکستان کے علاقے منڈی بہاؤالدین سے تعلق رکھنے والے 61 سالہ احمد خان بھی ہیں جوکہ گزشتہ 40 سالوں سے حرم شریف میں صفائی ستھرائی کی ذمہ داریاں سرانجام دے رہے ہیں۔
احمد خان 1983 میں 23 سال کی عمر میں جب سعودی عرب گئے تھے تو انہوں نےکبھی نہیں سوچا تھا کہ وہ زندگی کے آئندہ 40 سال مکہ مکرمہ میں میں گزاریں گے اور خانہ کعبہ میں صفائی ستھرائی کے شعبے میں کام کریں گے۔
عرب نیوز سےگفتگو کرتے ہوئے احمد خان نے بتایا کہ سعودی عرب آتے وقت انہوں نے اپنے والدین سے وعدہ کیا تھا کہ وہ جلد ازجلد پاکستان واپس آجائیں گے تاہم حرم شریف کی خدمت میں وہ ایسے مصروف ہوئےکہ واپس ہی نہیں جاسکے ۔
61 سالہ احمد اب حرم شریف میں صفائی ستھرائی کے شعبے کے سپروائزر ہیں، ان کا کہنا ہےکہ یہاں مجھے اپنےگھر جیسا لگتا ہے اور میں نے خودکو کبھی یہاں اجنبی محسوس نہیں کیا۔
ان کا کہنا ہے کہ جب بھی لوگ مجھ سے ملتے ہیں تو وہ میری قسمت پر رشک کرتے ہیں۔
احمد کا کہنا ہے کہ 40 سالوں سے وہ حرم شریف کی خدمت کررہے ہیں اور یہاں نماز پڑھ رہے ہیں جو کہ کسی اعزاز سے کم نہیں ہے، اللہ تعالیٰ نے مجھے اس کام کے لیے منتخب کیا ہے جس پر میں پروردگار کا شکر گزار ہوں۔