یوٹیلیٹی سٹورز کیلئے ملکی تاریخ کی مہنگی ترین چینی درآمد
درآمدی چینی کی 28 ہزار 760 میٹرک ٹن کھیپ پاکستان پہنچ گئی ہے، یہ چینی یوٹیلٹی اسٹورز کے لیے درآمدکی گئی ہے ۔
ترجمان ٹریڈنگ کارپوریشن آف پاکستان (ٹی سی پی) کے مطابق دوسرا جہاز 28 ہزار 840 میٹرک ٹن چینی لےکرکل کراچی پہنچےگا۔
ذرائع ٹریڈنگ کارپوریشن آف پاکستان کے مطابق چینی 637.10 ڈالر فی ٹن میں خریدی گئی ہے،ٹیکس اور ڈیوٹی فری درآمدی چینی کی پورٹ پرقیمت 109 روپےکلوپڑی ہے، اخراجات ملا کریوٹیلٹی اسٹورز کو چینی 120 روپے کلو سے اوپر پڑےگی۔
ذرائع کا کہنا ہےکہ یوٹیلٹی اسٹورز کو سرکاری ریٹیل قیمت سے چینی تقریباً 30 روپےکلو مہنگی پڑےگی، یوٹیلٹی اسٹورز پر درآمدی چینی 85 روپےفی کلو میں فروخت کی جائے گی، قیمت خرید اور فروخت کا فرق سبسڈی سے پورا کیا جائےگا۔
ذرائع نے بتایا ہےکہ اس سے قبل ایک لاکھ ٹن چینی کی لینڈڈ کاسٹ 89.26 روپے فی کلو تھی، حکومت نے چینی کا ایکس مل ریٹ 84.75 روپے فی کلو مقررکر رکھا ہے اور چینی کی ریٹیل قیمت 89.75 روپے فی کلو مقررکر رکھی ہے، یہ اب تک خریدی گئی مہنگی ترین چینی ہے۔