روڈ ورلڈ سائیکلنگ چیمپئن شپ، پاکستانی سائیکلسٹ ٹاپ 50 میں جگہ بنانے میں ناکام
روڈ ورلڈ سائیکلنگ چیمپئن شپ میں مردوں کی انفرادی ٹائم ٹرائلز میں پاکستانی سائیکلسٹس ٹاپ50 میں بھی جگہ نہ بناسکے۔
روڈ ورلڈ سائیکلنگ چیمپئن شپ بیلجیم کے شہر فلینڈرز میں شروع ہوگئی۔ اتوار کو چیمپئن شپ کے پہلے روز پاکستان کے 2 سائیکلسٹس علی الیاس اور خلیل امجد مردوں کی انفرادی ٹائم ٹرائلز میں شریک ہوئے۔
43.3 کلومیٹر کی اس ریس میں پاکستان کے علی الیاس نے 52 ویں جبکہ خلیل امجد نے 54 ویں پوزیشن حاصل کی۔
علی الیاس پہلی اسپلٹ کے اختتام پر 53 ویں پوزیشن پر تھے تاہم بقیہ 2 اسپلٹس میں انہوں نے اپنی پوزیشن کو بہتر کیا اور ریس 52 ویں پوزیشن پر ختم کی۔
انہوں نے مقررہ فاصلہ 58 منٹ، 53 عشاریہ 66 سیکنڈز میں طے کیا۔ یہ گولڈ میڈل حاصل کرنے والے اٹلی کے سائیکلسٹ سے 11 منٹ 5 سیکنڈز کم تھا جبکہ ان کی اوسط اسپیڈ 44.113 رہی۔
پاکستان سائیکلنگ ٹیم کے منیجر شعیب نظامی کہتے ہیں کہ ماضی میں پاکستانی کھلاڑی اس فاصلے پر گولڈ میڈلسٹس سے 15 منٹ پیچھے ہوا کرتے تھے، اب 11 منٹ پیچھے ہیں جو کارکردگی میں بہتری ہے۔
ایونٹ میں شریک پاکستان کے دوسرے سائیکلسٹ خلیل امجد نے فاصلہ ایک گھنٹہ، ایک منٹ، 7 عشاریہ 50 سیکنڈز میں طے کیا۔
42 عشاریہ5 کی اوسط اسپیڈ سے سائیکلنگ کرنے والے خلیل امجد گولڈ میڈلسٹس سائیکلسٹ سے 13منٹ 19 سیکنڈز پیچھے رہے۔
ایونٹ میں خواتین کی انفردای ٹائم ٹرائل ریس پیر کو ہوگی جس میں پاکستان کی2 خواتین سائیکلسٹس کنزہ ملک اور عاصمہ جان شریک ہوں گی۔
پاکستان سائیکلینگ ٹیم کے مینجر شعیب نظامی کہتے ہیں کہ گوکہ پلیئرز ٹاپ 50 میں بھی نہیں آئے لیکن یہ پہلے سے بہتر نتیجہ ہے، بہتر رزلٹس کیلئے ضروری ہے کہ نوجوانوں پر کام کریں اور ساتھ ساتھ ملک میں سائیکلنگ کا انفرا اسٹکچر بہتر بنائیں۔