وزیراعظم عمران خان کی ایرانی صدر کو دورہ پاکستان کی دعوت

وزیراعظم عمران خان نے ایرانی صدر ابراہیم رئیسی کو حالیہ صدارتی انتخابات میں کامیابی پر دلی مبارک باد دی

وزیراعظم عمران خان نے دوشنبہے میں ایرانی صدر ابراہیم رئیسی سے ملاقات کے دوران انہیں پاکستان کے دورے کی دعوت دیتے ہوئے کہا کہ افغانستان میں 40 سال بعد جنگ اور تنازع کے حتمی خاتمے کا موقع ملاہے۔

وزیراعظم عمران خان اور ایران کے صدر ابراہیم رئیسی کے درمیان ملاقات کے حوالے سے جاری اعلامیے میں کہا گیا کہ دونوں رہنماؤں کی دوشنبے میں شنگھائی تعاون تنظیم (ایس سی او) کے سربراہی اجلاس کے موقع پر غیررسمی ملاقات ہوئی۔

بیان کے مطابق دونوں رہنماؤں نے دو طرفہ تعلقات، خطے اور بین الاقوامی مسائل پر باہمی دلچسپی پر تبادلہ خیال کیا۔

وزیراعظم عمران خان نے ایرانی صدر ابراہیم رئیسی کو حالیہ صدارتی انتخابات میں کامیابی پر دلی مبارک باد دی اور اعادہ کیا کہ پاکستان دونوں ممالک کے درمیان برادرانہ تعلق کو مزید مضبوط بنانے اور وسیع کرنے کے لیے ایران کے ساتھ کام جاری رکھے گا۔

اعلامیے کے مطابق ملاقات میں دو طرفہ تعلقات کے حوالے سے بالخصوص تجارت، معیشت اور علاقائی رابطہ کاری پر توجہ مرکوز کرتے ہوئے تمام پہلووں پر بات کی گئی۔

اس موقع پر وزیراعظم عمران خان نے اپنے معاشی سلامتی کا ایجنڈا اور پاکستان کی جیو پالیٹکس سے جیو اکنامکس میں منتقلی کو اجاگر کیا۔

وزیراعظم نے مقبوضہ جموں و کشمیر کے مسئلے پر مسلسل تعاون پر ایرانی صدر اور خصوصاً سپریم لیڈر کا شکریہ ادا کیا۔

انہوں نے مقبوضہ جموں و کشمیر میں انسانی حقوق کی گھمبیر صورت حال کو بھی نمایاں کیا اور کہا کہ ایران کا اصولی مؤقف کشمیر کے عوام کے لیے حوصلے کا باعث ہے، جو اپنی حق خود ارادیت کے لیے جدوجہد کر رہے ہیں۔

افغانستان کے حوالے سے وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ پرامن، مستحکم اور خوش حال افغانستان ہی پاکستان کے مفاد میں ہے اور زور دیتے ہوئے کہا کہ 40 سال بعد افغانستان میں جنگ اور تنازع کے حتمی خاتمے کا ایک موقع ہے۔

انہوں نے کہا کہ افغانستان کی سیکیورٹی صورت حال کو ٹھیک کرنے، انسانی بحران سے بچنے اور معیشت کو مضبوط بنانے کے لیے ہنگامی اقدامات ضروری ہیں۔

وزیراعظم نے کہا کہ استحکام کی کوششیں افغان معاشرے کے تمام حلقوں کے حقوق کا احترام اور جامع سیاسی اسٹرکچر کے تحت نافذ کیا جائے گا۔

انہوں نے افغانستان میں پاکستانی اقدامات کے حوالے سے تعاون کرنے پر ایران کے کردار کو سراہا۔

عمران خان نے افغانستان کے ساتھ مثبت پیغام اور تعمیری عملی اقدامات کے ذریعے عالمی برادری کے کردار کی اہمیت پر زور دیا۔

اعلامیے کے مطابق وزیراعظم عمران خان نے ایران کے صدر ابراہیم رئیسی کو موقع کی مناسبت سے پاکستان کے دورے کی دعوت دی جبکہ ایرانی صدر نے بھی وزیراعظم کو ایران کے دورے کی دعوت دی۔

Exit mobile version