پاکستان ہتھیاروں کی دوڑ میں شامل نہیں ہو گا،نیشنل کمانڈ اتھارٹی کا اعلامیہ

اجلاس میں چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی سمیت تینوں مسلح افواج کے سربراہان شریک ہوئے۔

نیشنل کمانڈ اتھارٹی (این سی اے) نے کہا ہے کہ پاکستان ذمے دار ایٹمی ریاست ہے، جو ہتھیاروں کی دوڑ میں شامل نہیں ہوگا۔

اسلام آباد میں وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت اسٹریٹجک پلانز ڈویژن میں نیشنل کمانڈ اتھارٹی کا اجلاس ہوا۔

اعلامیے کے مطابق خارجہ، خزانہ اور داخلہ کے وفاقی وزراء اجلاس میں موجود تھے۔

اجلاس میں چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی سمیت تینوں مسلح افواج کے سربراہان شریک ہوئے۔

اعلامیے کے مطابق اجلاس میں ڈائریکٹر جنرل انٹر سروسز انٹیلی جنس (آئی ایس آئی) بھی شریک ہوئے۔

نیشنل کمانڈ اتھارٹی نے کمانڈ اینڈ کنٹرول سسٹمز پر مکمل اعتماد کا اظہار اور خطے کی بدلتی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا۔

اعلامیے کے مطابق اجلاس کے شرکاء نے ملک کے اسٹریٹجک اثاثوں کی حفاظت یقینی بنانے کے اقدامات پر بھی اطمینان کا اظہار کیا۔

نیشنل کمانڈ اتھارٹی نے اعلامیے میں کہا کہ پاکستان ذمہ دار ایٹمی ریاست ہے، جو ہتھیاروں کی دوڑ میں شامل نہیں ہو گا۔

اجلاس میں کہا گیا کہ پاکستان ایٹمی عدم پھیلاؤ کی عالمی کوششوں میں بامقصد کردار ادا کرتا رہے گا۔

اعلامیے کے مطابق این سی اے نے خطے میں اسٹریٹجک اور روایتی ہتھیاروں کی دوڑ پر تشویش کا اظہار کیا۔

Exit mobile version