ہریانہ میں تاریخی بلال مسجد کی شہادت پر پاکستان کی مذمت
بھارتی حکومت عدلیہ کی ملی بھگت سےقابل مذمت اقدامات میں ملوث ہے،دفتر خارجہ
ترجمان دفتر خارجہ عاصم افتخار احمد نے ہریانہ میں تاریخی بلال مسجد کی شہادت کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ عالمی برادری مسلمانوں کے انسانی حقوق کی منظم خلاف ورزیوں پر بھارت کو کٹہرے میں کھڑا کرے۔
دفتر خارجہ کے ترجمان عاصم افتخار احمد نے اپنے بیان میں کہا کہ بھارتی حکومت عدلیہ کی ملی بھگت سےقابل مذمت اقدامات میں ملوث ہے،ہندو توا کے زیر اثر بی جے پی، آر ایس ایس حکومت مسلمانوں کو مسلسل نشانہ بنا رہی ہے۔
عاصم افتخار نے کہا کہ نام نہاد ”سب سے بڑی جمہوریت“ کے ماتھے پر نہ مٹنے والا داغ لگ چکا ہے، بھارتی سپریم کورٹ نے انتہاء پسندوں کو تاریخی بابری مسجد کی جگہ رام مندر بنانے کی اجازت دی۔
انہوں نے بتایا کہ انتہاء پسند جماعتوں کےجنونیوں نے 1992ء میں تاریخی بابری مسجد کو شہید کیا تھا،2002ء میں گجرات اور فروری 2020 ء میں دہلی میں مسلمانوں کا قتل عام کیا گیا۔
ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ مسلمانوں، ان کی عبادت گاہوں، ثقافتی یادگاروں کو مقبوضہ کشمیرمیں بھی نشانہ بنایا جا رہا ہے۔