وزارت خارجہ کے ترجمان زاہد حفیظ چوہدری کا تبادلہ کردیا گیا۔ تفصیلات کے مطابق وزارت خارجہ کے ترجمان زاہد حفیظ چوہدری کو تبدیل کردیا گیا ہے ، ان کی جگہ عاصم افتخار نئے ترجمان دفتر خارجہ ہوں گے جب کہ زاہد حفیظ چوہدری کو آسٹریلیا میں بطور سفیر تعینات کیا گیا ہے اور وہ جلد ہی نئی ذمہ داریاں سنبھالیں گے ، زاہد حفیظ چوہدری اس سے پہلے واشنگٹن میں پاکستانی سفارت خانے اور لندن میں پاکستانی ہائی کمشن میں بھی خدمات سر انجام دے چکے ہیں جب کہ وہ وزارت خارجہ میں ڈی جی افغانستان ، ایران اور ترکی بھی رہے ہیں۔
زاہد حفیظ چوہدری نے بطور ترجمان دفترخارجہ آج اسلام آباد میں اپنی آخری پریس بریفنگ کی ، اس دوران انہوں نے کہا کہ پاکستان افغان صورتحال پر دنیا بھر کے رہنماؤں سے رابطے میں ہے، پاکستان کے سفیر منصور علی خان نے سابق صدر حامد کرزئی اور ڈاکٹر عبداللہ عبداللہ سے ملاقات کی، انہوں نے طالبان قیادت سے بھی ملاقات کی ہے، افغان سیاسی قیادت نے پاکستان کا تین روزہ دورہ کیا،اور وزیراعظم عمران خان سے ملاقات کی، اس ملاقات میں افغانستان کی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔