بسم اللہ الرحمن الرحیم

قومی

بھارت مقبوضہ کشمیر کے عوا م کو طاقت کے زور پر دبانا چاہتا ہے۔ سردار مسعودخان

صدر آزادجموں و کشمیر سردار مسعودخان کا یوم آزادی پاکستان کے موقع پر خصوصی پیغام


صدر آزادجموں و کشمیر سردار مسعودخان نے کہا ہے کہ آج پوری قوم جشن آزادی ملی جوش و جذبے کے ساتھ منا رہی ہے۔ آج کے دن بابائے قوم حضرت قائد اعظم محمد علی جناح کی مدبرانہ اور بے لوث قیادت میں دنیا کی سب سے بڑی نظریاتی اسلامی مملکت خداداد پاکستان معرض وجود میں آئی۔پاکستان کا قیام برصغیر جنوبی ایشیا کے مسلمانوں کی اجتماعی قومی امنگوں اور آرزوں کا مظہر ہے۔14/اگست1947 ایک تاریخ ساز دن تھا جب علامہ اقبال کے خواب کی تعبیر ہوئی۔

یوم آزادی پاکستان کے موقع پر اپنے خصوصی پیغام میں انہوں نے کہاکہ  پاکستان کا قیام دو قومی نظریہ کا مرہون منت ہے اور اس نظریہ کی بنیاد پر جب پہلی بار مفکر اسلام حضرت علامہ اقبال نے برصغیر کو تقسیم کر کے مسلمانوں کیلئے علیحدہ مملکت کے قیام کا تصور پیش کیا تھا تو اس کی وضاحت کرتے ہوئے انہوں نے مسلمانوں کے قومی تشخص اور اسلام کی تہذیبی اور ثقافتی اقدار اور روایا ت پر خاص زور دیا تھا اور انہوں نے قائد اعظم کی خصوصی توجہ مبذول کرائی تھی کہ شریعت اسلامیہ کے نفاذ کیلئے ایک علیحدہ اسلامی ریاست کا قیام ناگزیر ہے۔ قائد اعظم نے اس نظریہ کی بنیاد پر مسلم لیگ کو منظم کر کے برصغیر کے مسلمانوں کو ایک پرچم تلے متحد کیا۔ انہیں اپنے مقصد کی صداقت اور مسلمان عوام کی اجتماعی فہم و فراست پر غیر متزلزل یقین و اعتماد تھا۔ یہی وجہ ہے کہ آپ نے قرارداد پاکستان کی منظوری کے بعد صرف سات سال کے قلیل عرصہ میں ہندوں اور انگریزوں کی شدید ترین مخالفت کے باوجود صرف اور صرف آئینی جدو جہد کے ذریعے تحریک پاکستان کو کامیابی سے ہمکنار کر دیا۔صدر نے کہا کہ بھارت کی جانب سے اس کے آئین میں حالیہ ترامیم سے یہ بات ثابت ہو چکی ہے کہ بھارت مقبوضہ کشمیر کی عوا م کو طاقت کے زور پر دبانا چاہتا ہے۔ اس وقت مقبوضہ کشمیر میں فوجی محاصرہہے اور بنیادی انسانی حقوق پر پابندیوں کی شدید مذمت کرتے ہیں اور حکومت پاکستان،پاکستانی قوم اور مسلح افواج کی جانب سے کشمیریوں کے ساتھ بھر پور یکجہتی کو سراہتے ہیں۔

Back to top button