بسم اللہ الرحمن الرحیم

بین الاقوامی

غزنی پر طالبان کا قبضہ، امریکا کی اپنے شہریوں کو فوری افغانستان چھوڑنے کی ہدایت

امریکی سفاتخانے نے انتباہ جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ کابل میں بھی امریکیوں کو مدد فراہم کرنے کی صلاحیت انتہائی محدود ہے۔

طالبان کی افغانستان کے دارالحکومت کابل کی جانب پیش قدمی جاری ہے جس کے بعد امریکا نے ایک مرتبہ پھر اپنے شہریوں کو افغانستان چھوڑنے کی ہدایت کردی۔

امریکی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق امریکی سفاتخانے نے انتباہ جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ کابل میں بھی امریکیوں کو مدد فراہم کرنے کی صلاحیت انتہائی محدود ہے۔

سفارتخانے کے مطابق خراب سیکیورٹی صورتحال اور کم اسٹاف کے باعث مدد کرنا مشکل ہورہا ہے۔

امریکی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق غزنی شہر پر طالبان کے قبضے سے فرنٹ لائن کابل سے صرف 150 کلومیٹر پر آگئی ہے۔

خیال رہے کہ ایک روز قبل امریکی حکام نے یہ کہا تھا کہ طالبان 3 ماہ میں کابل پر قبضہ کر لیں گے، جبکہ کچھ ماہرین کا ماننا ہے کہ یہ سب کچھ ایک ماہ میں بھی ہوسکتا ہے۔ 

واضح رہے کہ آج طالبان کی جانب سے دو صوبائی دارالحکومتوں کے پولیس اسٹیشنز پر قبضے کا دعویٰ کیا گیا ہے۔ 

پہلے طالبان نے صوبے ہلمند کے دارالخلافہ لشکر گاہ میں پولیس ہیڈ کوارٹرز پر قبضہ کرنے کا دعویٰ کیا تھا اس کے بعد طالبان کی جانب سے ہرات کے پولیس ہیڈکواٹر پر بھی بغیر کسی مزاحمت کے قبضہ کرنے کا دعویٰ سامنے آیا ہے۔

Back to top button