وزیراعظم عمران خان کا کہنا ہے کہ بھاشا ڈیم کیوں نہیں بنا؟کیا کسی کی دورکی سوچ نہیں تھی، 1984ء میں یہ ڈیم بنانے کا فیصلہ ہوا تھا، اب ہم نے دس سال میں 10 ڈیم بنانے کا فیصلہ کیا ہے، داسو اور بھاشا ڈیم کا وقت پر بننا بہت ضروری ہے۔
تربیلا ڈیم کے پانچویں توسیعی منصوبے کا سنگ بنیاد رکھنے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ بدقسمتی سے ماضی میں پانی سے بجلی نہیں بنائی گئی اس لئے مہنگی بجلی ملتی ہے،توسیعی منصوبے کی وجہ سے تربیلا ڈیم کی عمر بڑھ جائے گی۔
وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ الیکشن ٹو الیکشن پلاننگ کی وجہ سے لوگوں کو مشکل میں ڈالا گیا، لانگ ٹرم پلاننگ نہ کرنے کی وجہ سے نقصان اٹھانا پڑا، ہمارے معاہدے ایسے ہیں کہ ہم بجلی استعمال کریں یا نہ کریں پیسہ دینا پڑتے ہیں۔
وزیر اعظم نے بتایا کہ ترکی ، اٹلی اور دیگر ممالک میں ایسی آگ لگی ہیں جو پہلے کبھی نہیں لگی تھیں،جبکہ دنیا میں سب سے زیادہ ٹیمپریچر جیکب آباد میں ریکارڈ کیا گیا، ہم ایسی بجلی بنائیں جس سے موسم پر اثر نہ پڑے، کوشش کریں فیول جلا کر بجلی نہ بنائیں، سولر اور ہائیڈرو پاور سے بجلی بنائیں گے۔
انہوں نے کہا کہ آبادی بڑھنے سے پانی کی کمی کا سامنا ہے، دریاؤں میں 80 فیصد پانی تین چار مہینے میں آتا ہے، پانی کو بچالیں تو کسانوں کو پورے سال پانی دے سکتے ہیں۔
عمران خان کا کہنا تھا کہ ہم نے ڈیم بنانے کا فیصلہ کرلیا ہے، کورونا کے باوجود ڈیم بنانے پر کام جاری ہے، بھاشا اور داسو ڈیم بنائیں گے، مہمند ڈیم 2025 ء میں تیار ہوجائے گا، جبکہ 2028ء میں بھاشا ڈیم تیار ہوجائے گا