بسم اللہ الرحمن الرحیم

قومی

کوئٹہ میں پولیس وین کے قریب دھماکہ،دو اہلکار شہید

دھماکا اس قدر شدید تھاکہ آواز دور دور تک سنی گئی قریب میں واقع بلوچستان ہائیکورٹ اور صوبائی اسمبلی کے شیشے ٹوٹ گئے

کوئٹہ میں زرغون روڈ پر پولیس وین کے قریب دھماکے میں 2 اہلکار شہید جبکہ 12 اہلکاروں سمیت 21 افراد زخمی ہوگئے۔

پولیس کے مطابق زرغون روڈ پر یونٹی چوک کے قریب دھماکا اس وقت ہوا جب پولیس کا ایک ٹرک وہاں سے گزر رہا تھا، دھماکا اس قدر شدید تھاکہ آواز دور دور تک سنی گئی قریب میں واقع بلوچستان ہائیکورٹ اور صوبائی اسمبلی کے شیشے ٹوٹ گئے۔

دھماکے میں دو پولیس اہلکار نیاز محمد اور اکبر علی شہید جبکہ 12 اہلکاروں سمیت 21 افراد زخمی ہوگئے۔

شہید پولیس اہلکار نیاز احمد کا تعلق سبی اور علی اکبر کا ڈیرہ بگٹی سے ہے۔

میڈیا سے گفتگو میں ڈپٹی انسپکٹر جنرل (ڈی آئی جی) پولیس کوئٹہ اظہر اکرام کا کہنا تھاکہ ابتدائی تحقیقات کے مطابق کوئٹہ دھماکا ٹائم ڈیوائس کے ذریعےکیاگیا، پولیس اہلکارڈیوٹی پرتھےکہ قریب کھڑی موٹرسائیکل میں دھماکا ہوا۔

دوسری جانب بم ڈسپوزل اسکواڈ کا کہنا ہے کہ زرغون روڈ دھماکے میں 4 کلو گرام دھماکا خیز مواد استعمال کیا گیا۔

دوسری جانب قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر شہباز شریف اور پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری سمیت دیگر ملکی سیاسی قیادت نے کوئٹہ دھماکے کی مذمت کی۔

اس حوالے سے بلاول کا کہنا تھاکہ حکومت دہشت گردوں کو خوش کرنا بند کرے، نیشنل ایکشن پلان پر عمل درآمد کرنا ہوگا۔

اشتہار
Back to top button