بسم اللہ الرحمن الرحیم

بین الاقوامی

بل گیٹس اور ملینڈا فرنچ گیٹس کی باقاعدہ طلاق

جوڑے کی طلاق کا معاہدہ ایک سیپریشن کانٹریکٹ کے تحت طے پایا، جس کو عوام کے سامنے نہیں لایا گیا

جج کی جانب سے منظوری دیئے جانے کے بعد شادی کے 27 سال بعد بل گیٹس اور ملینڈا فرنچ گیٹس کی طلاق ہوگئی۔

بل گیٹس اور ملینڈا گیٹس کی ملاقات 1987 میں مائیکرو سافٹ میں ہوئی تھی اور انہوں نے 1994 میں شادی کی، انہوں نے 3 مئی کو اچانک ایک دوسرے سے علیحدگی کا اعلان کیا تھا۔

اس موقع پر ٹوئٹر پر علیحدگی کا اعلان ایک مشترکہ بیان میں کرتے ہوئے انہوں نے کہا تھا کہ کئی سال تک ایک ساتھ زندگی گزارنے کے بعد اب انہیں احساس ہونے لگا ہے کہ اب وہ شادی شدہ جوڑے کی صورت میں مزید آگے نہیں چل سکتے۔

ملینڈا گیٹس کی جانب سے واشنگٹن کی کنگ کاؤنٹی کی عدالت میں طلاق کے لیے درخواست دائر کی گئی تھی۔

سی این این کی رپورٹ میں 2 اگست کو سامنے آنے والے عدالتی دستاویزات کے حوالے سے بتایا گیا کہ اس جوڑے کی طلاق کا معاہدہ ایک سیپریشن کانٹریکٹ کے تحت طے پایا، جس کو عوام کے سامنے نہیں لایا گیا۔

عوامی طور پر دستیاب دستاویزات میں کسی قسم کی مالیاتی تفصیلات بھی موجود نہیں اور نہ یہ بتایا گیا کہ بچے کس کے پاس رہیں گے۔

بلومبرگ بلین ایئر انڈیکس کے مطابق بل گیٹس اس وقت 151 ارب ڈالرز کے مالک ہیں، جس کا مطلب یہ ہے کہ ممکنہ طور پر طلاق کے بعد ملینڈا گیٹس کو 75 ارب ڈالرز سے زیادہ مل سکیں گے۔

عدالتی دستاویزات کے مطابق ملینڈا فرنچ گیٹس کا اپنا نام بدلنے کا کوئی ارادہ نہیں۔

مزید پڑھیے  سربیا میں مسلسل دوسرے روز فائرنگ کا واقعہ، 8 افراد ہلاک
Back to top button