بسم اللہ الرحمن الرحیم

قومی

موسلادھار بارش جڑواں شہر ڈوب گئے، پشاور موڑ انٹر چینج بند

نشیبی علاقے زیر آب ،کئی علاقوں میں پانی گھروں میں داخل، اسلام آباد کی سڑکوں پر پانی جمع ہو گیا ،کئی گاڑیاں پانی میں بہہ گئیں

موسلا دھار بارش سے جڑواں شہر ڈوب گئے، اسلام آباد اور راولپنڈی میں سڑکیں تالاب کا منظر پیش کرنے لگیں جبکہ کئی نشیبی علاقوں میں پانی گھروں میں داخل ہوگیا،موسلادھار بارش سے ندی نالے بپھر گئے، نالہ لئی میں طغیانی پر ریڈ الرٹ جاری کر دیا گیا ۔ تفصیلات کے مطابق اسلام آباد کی شاہراہ اسلام آباد، شکر پڑیاں، پشاور موڑ، نائنتھ ایونیو، ایمبیسی روڈ سمیت کئی مقامات پر پانی جمع ہوگیا، جبکہ ندی نالوں میں طغیانی آگئی۔

بارش کے بعد اسلام آباد کی سڑکوں پر پانی جمع ہوگیا ،کئی گاڑیاں پانی میں بہہ گئیں جبکہ سری نگر ہائی وے پر پشاور موڑ فلائی اور کے نیچے کار بارش کے پانی میں ڈوب گئی۔ اسلام آباد پولیس نے بروقت پہنچ کر کار ڈرائیور کو ریسکیو کیا۔ٹریفک پولیس نے اسلام آباد میں سری نگر ہائی وے پر پشاور موڑ انٹر چینج کا استعمال نہ کر نے اور گاڑیوں کا رخ نائنتھ ایونیو کی طرف موڑ نے کی ہدایت کردی۔

وفاقی دارالحکومت میں شدید بارش کے بعد سیلابی صورتحال کے باعث شہریوں کو غیر ضروری نقل و حرکت سے روک دیا گیا۔

ڈپٹی کمشنر حمزہ شفقات نے کہا کہ اسلام آباد کے مختلف علاقوں میں سیلابی صورت حال پیدا ہوگئی، شہری کچھ گھنٹوں کے لئے غیر ضروری نقل و حرکت نہ کریں۔ ڈپٹی کمشنر اسلام آباد نے کہا کہ مختلف علاقوں میں گھروں، پلازوں کی بیسمنٹس میں پانی بھر چکا، لوگ اپنے طور پر پانی نکالنے کی کوشش سے اجتناب کریں، صورتحال کو بہتر کرنے کی کوشش کی جارہی  ، کچھ علاقوں میں صورتحال کافی بہتر کرلی۔

دوسری جانب بارش کے بعد راولپنڈی شہرکے کئی نشیبی علاقے زیر آب آگئے۔ نالہ لئی میں بھی پانی کی سطح کئی فٹ بلند ہوگئی۔ کئی نشیبی علاقوں میں پانی گھروں میں داخل ہو گیا۔نالہ لئی میں کٹاریاں کے مقام پرپانی کی سطح 21 فٹ تک پہنچ گئی۔ پانی کی سطح مسلسل بلند ہونے کے بعد خطرے کی گھنٹیاں بجادی گئیں اور لوگوں کوندی نالوں سے ملحقہ بستیاں خالی کرنے کی ہدایات کردی گئی ہیں۔ ضلعی انتظامیہ، واسا اور دیگر متعلقہ اداروں کو ریڈ الرٹ کرکے سول ڈیفنس اور ریسکیو 1122کے اہلکار کسی بھی ناگہانی صورت حال سے نمٹنے کے لیے نالہ لئی کے کناروں پر تعینات کر دئیے گئے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق راولپنڈی اور اسلام آباد کے مختلف علاقوں میں رات سے اب تک 128 ملی میٹر تک بارش ریکارڈ کی گئی ۔راولپنڈی میں بارش سے ڈھوک کشمیریاں، شکرالہ، صادق آباد، ندیم کالونی، آریہ محلہ اور کری روڑ سمیت کئی علاقوں میں پانی جمع ہوگیا۔ مری روڈ، راول روڈ اور ایکسپریس وے سمیت اہم شاہر ہوں پر پانی جمع ہونے سے ٹریفک کی روانی بھی بری طرح متاثر ہوئی،گوالمنڈی میں پاک فوج کے دستے پہنچ گئے۔

محکمہ موسمیات نے راولپنڈی، اسلام آباد اور ملک کے دوسرے حصوں میں آئندہ 24 گھنٹوں میں مزید بارش کی پیشگوئی کی ہے۔دوسری جانب مردان  اور شانگلہ سمیت خیبرپختون خوا کے مختلف علاقوں میں بھی بادل برسے۔ محکمہ موسمیات  نے آئندہ چوبیس گھنٹے کے دوران پنجاب  اور خیبرپختونخوا کے مختلف علاقوں میں بارش کی پیشگوئی کی گئی ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق کراچی ، ٹھٹہ، بدین اور تھر پارکر میں  بارش ہو سکتی ہے۔ کشمیر اور گلگت بلتستان میں بھی بارش کی توقع ہے۔

این ڈی ایم اے کے مطابق لاہور، راولپنڈی، پشاور اور گوجرانوالہ میں اربن فلڈنگ کا خدشہ ہے جبکہ  بالائی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ بھی ہو سکتی ہے۔

اشتہار
Back to top button