بسم اللہ الرحمن الرحیم

کھیل

ٹوکیو اولمپکس، بھارتی ہاکی ٹیم کو آسڑیلیا کے ہاتھوں شرمناک شکست

بھارتی ٹیم گروپ میں اپنا تیسرا میچ منگل کو اسپین کے خلاف کھیلے گی

بھارتی ہاکی ٹیم ٹوکیو اولمپکس کے دوسرے دن آسٹریلیا سے ایک کے مقابلے میں 7 گول سے ہار گئی جب کہ میچ کے بعد سوشل میڈیا پر شائقین اور ناقدین نے ٹیم کی کارکردگی کو تنقید کا نشانہ بنایا۔

ٹوکیو اولمپکس میں بھارتی ہاکی ٹیم نے گولڈ میڈل کی جانب اپنا سفر ہفتے کو شاندار انداز میں شروع کیا تھا جب اُس نے نیوزی لینڈ کو اپنے افتتاحی میچ میں تین دو سے زیر کیا لیکن اگلے ہی دن اُن کے اولمپک پوڈیم پر کھڑے ہونے کا خواب چکنا چور ہوگیا۔

بھارتی ہاکی ٹیم کو دُنیا کی ٹاپ ٹیموں میں سے ایک آسٹریلیا کے خلاف اپنے دوسرے میچ میں 7 ایک سے شکست کی ہزیمت اٹھانی پڑی، جب سے گراہم ریڈ کوچ بنے ہیں یہ بھارت کی سب سے بڑے مارجن سے شکست ہے۔

میچ کے اختتام پر سوشل میڈیا پر شائقین اور ناقدین نے بھارتی ٹیم کی شکست پر اُن کو خوب لتھاڑا،کسی نے لکھا کہ یہ اولمپکس میں بھارت کی سب سے شرمناک شکست ہے تو کسی نے کہا کہ غیر ملکی کوچ رکھنے کے باوجود بھارتی کھلاڑی کسی اسکول کی ٹیم کی طرح کھیلے۔

بھارتی ٹیم گروپ میں اپنا تیسرا میچ منگل کو اسپین کے خلاف کھیلے گی۔

اشتہار
Back to top button