جمعیت علمائے اسلام کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے کہا ہے کہ وزیراعظم عمران خان نے کشمیر فروشی کے ہمارے دعوؤں پر مہرثبت کر دی ہے۔
اپنے بیان میں فضل الرحمان کا کہنا تھاکہ ریفرنڈم کی بات اقوام متحدہ کی تاریخی قراردادوں و مؤقف سے کھلا انحراف ہے، عمران خان کا مؤقف 7 نکاتی ایجنڈے کا حصہ ہے جس کی شروعات مشرف نے کی تھی۔
ان کا کہنا تھاکہ مسئلہ کشمیرکا حل صرف اقوام متحدہ کے حق استصواب رائے سے چاہتے ہیں۔
مولانا فضل الرحمان کا کہنا تھاکہ آزاد کشمیر انتخابات میں 25 جولائی 2018 کی تاریخ دہرائی گئی تو بھیانک نتائج ہوں گے۔
خیال رہے کہ آزاد کشمیر قانون ساز اسمبلی کی انتخابی مہم میں تراڑ کھل میں وزیراعظم عمران خان نے جلسے سے خطاب میں کہنا تھاکہ اقوام متحدہ نے کشمیر کے لوگوں کو مستقبل کا فیصلہ کرنےکا حق دیا تھا، میرا ایمان ہےکشمیرکےلوگوں کی قربانیاں ضائع نہیں ہوں گی۔
انہوں نے کہا کہ ایک دن آئے گا اور ریفرنڈم ہوگا اور آپ فیصلہ کریں گے کہ ہندوستان نہیں پاکستان کے ساتھ جانا چاہتے ہیں، اس کے بعد میری حکومت ایک اورریفرنڈم کرائے گی جس میں کشمیر کے لوگوں سے پوچھیں گےکہ پاکستان کےساتھ رہناچاہتے ہویا آزاد رہنا چاہتے ہو؟