بسم اللہ الرحمن الرحیم

کھیل

محمد حفیظ انگلینڈ کے میدانوں پر اب تک 41 انٹرنیشنل میچز میں 1255 رنز بنا چکے

محمد حفیظ نے ٹی ٹونٹی کرکٹ میں اپنے بین الاقوامی کرکٹ کیرئیر کا آغاز بھی اسی سرزمین سے کیا

قومی ٹی ٹونٹی کرکٹ ٹیم کے سینئر کھلاڑی اور تجربہ کار مڈل آرڈر بیٹسمین محمد حفیظ کا یہ 18 سالوں میں انگلینڈ کا نواں دورہ ہے۔ انگلینڈ کے میدانوں کا ان کے کرکٹ کیرئیر میں ایک اہم کردار ہے۔انہوں نے انگلینڈ میں اپنا پہلا میچ2003 میں کھیلا تھا۔ اس دوران انہوں نے میزبان ٹیم کے خلاف ایک روزہ بین الاقوامی کرکٹ میچ میں 69 رنز کی اننگز کھیلنے کے ساتھ ساتھ ایک وکٹ بھی حاصل کی تھی۔

انہوں نےٹی ٹونٹی کرکٹ میں اپنے بین الاقوامی کرکٹ کیرئیر کا آغاز بھی اسی سرزمین سے کیا۔28 اگست 2006 کو پاکستان اور انگلینڈ کے مابین برسٹل میں کھیلا جانے والا ٹی ٹونٹی انٹرنیشنل میچ ان کا اور پاکستان کرکٹ کی تاریخ کا پہلا ٹی ٹونٹی انٹرنیشنل میچ تھا۔وہ اس میچ میں 46 رنز بناکر نمایاں رہے تھے۔

محمد حفیظ مجموعی طور پر18 سالوں میں انگلینڈ میں 41 انٹرنیشنل میچز میں 32.17 کی اوسط سے 1255 رنز بناچکے ہیں۔ اس دوران محمد حفیظ کی سب سے نمایاں یادگار 2017 میں کھیلی جانے والی آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی رہی، جہاں انہوں نے فائنل میں 37 گیندوں پر 57 رنز کی جارحانہ اننگز کھیل کر پاکستان کا مجموعہ 300 کے پار پہنچانے میں مدد کی تھی۔

محمد حفیظ کے لیے عمر محض ایک عدد سے بڑھ کر کچھ نہیں ہے، 40 سالہ کرکٹر نے اب تک 106 ٹی ٹونٹی انٹرنیشنل میچز میں 27.13کی اوسط سے 2388 رنز بنارکھے ہیں۔ وہ یکم جنوری 2020 سے اپنے ٹی ٹونٹی انٹرنیشنل کرکٹ کیرئیر کی بہترین فارم میں ہیں۔ اس دوران انہوں نے آخری 17 میچز میں 48 کی اوسط سے480 رنز بنائے ہیں۔

Back to top button