بسم اللہ الرحمن الرحیم

قومی

چین نے اعتدال پسند معاشرے کو فروغ دیا، وزیراعظم عمران خان

کمیونسٹ پارٹی آف چائنا کا قیام عالمی تاریخ میں دور رس اثرات کا حامل واقعہ تھا


وزیراعظم عمران خان نے کہا ہےکہ چینی کمیونسٹ پارٹی (سی پی سی) کی کامیابی کا راز عوام پر توجہ مرکوز کرنا ہے۔

کمیونسٹ پارٹی چائنا اور عالمی سیاسی جماعتوں کی سربراہ کانفرنس سے خطاب میں وزیراعظم کا کہنا تھاکہ کمیونسٹ پارٹی آف چائنا کو 100 ویں یوم تاسیس پر مبارکباد پیش کرتا ہوں، کمیونسٹ پارٹی آف چائنا کا قیام عالمی تاریخ میں دور رس اثرات کا حامل واقعہ تھا، کمیونسٹ پارٹی کے وژن نے چینی قوم کے جذبوں کو جلابخشی اور چینی عوام کو غیر ملکی تسلط سے آزادی حاصل کرنے کی جدوجہد کا حوصلہ دیا۔

ان کا کہنا تھاکہ کمیونسٹ پارٹی آف چائنا نے نوآبادیاتی تسلط کے خاتمے میں کردار ادا کیا، سی پی سی عوامی خدمت اور مفادات کو ترجیح دینے کے عزم پر کاربند رہی ہے، سی پی سی نے ترقی، تخفیف غربت، انسداد بدعنوانی اور قومی تعمیر میں شاندار کامیابیاں حاصل کیں۔

وزیراعظم کا کہنا تھاکہ سیاسی طاقت کے حصول کا مقصد عوام کو زندگیوں میں تبدیل اور قسمت کا خود مالک بنانا ہوتا ہے، عوام کی بے لوث خدمت سے ہی سیاسی جماعتیں عوامی حمایت حاصل کرسکتی ہیں، پاکستان عالمی امن، ترقی اور عالمی نظام کو برقرار رکھنے کیلئے چین کی کاوشوں کی حمایت کرتا ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ چین نے انتہائی غربت کا خاتمہ کیا اور اعتدال پسند معاشرے کو فروغ دیا، پاکستان اور چین دونوں ممالک آئرن برادرز ہیں، ہمیں پوری انسانیت کے مشترکہ مستقبل جیسے باوقار مقصد کیلئے مل کر بڑھنا ہوگا۔

ان کا کہنا تھاکہ سی پیک بی آر آئی کا فلیگ شپ پروجیکٹ ہے، صدر شی جن پنگ کے بیلٹ اینڈ روڈ انیشیٹیو کے وژن کا عالمی ترقی پر مثبت اثرپڑا ہے، چین کے صدر اپنے اقدامات کی بدولت عالمی سطح کے مدبر سیاستدان ثابت ہوئے۔

وزیراعظم کا کہنا تھاکہ سی پی سی کا چینی قوم کو عظیم تربنانے اور پی ٹی آئی کا نیا پاکستان وژن عوام کی امنگوں کا آئینہ دار ہے، دونوں جماعتیں جدوجہد، عزم اور ثابت قدمی کے مشترکہ جذبے کی بھی حامل ہیں۔

Back to top button