بسم اللہ الرحمن الرحیم

قومی

بھارت ریاست کے طور پر جوہر ٹائون دھماکے میں ملوث ہے، معید یوسف

پاکستان میں موجود تمام ملزمان قانون کی گرفت میں آگئے ہیں، جوہر ٹاؤن دھماکا اور سائبر حملے ایک ساتھ جڑے ہوئے ہیں،مشیر قومی سلامتی

وزیراعظم عمران خان کےمشیر برائے قومی سلامتی معید یوسف نے کہا ہےکہ لاہور کے علاقے جوہر ٹاؤن میں گذشتہ دنوں ہونے والابم دھماکا بھارتی دہشت گردی تھا، دہشت گردی کی واردات میں بھارتی خفیہ ایجنسی را کا ہاتھ ہے۔

اسلام آباد میں وفاقی وزیراطلاعات فواد چوہدری اور آئی جی پنجاب انعام غنی کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے مشیرقومی سلامتی معیدیوسف کا کہنا تھا کہ بھارت ایک ریاست کے طور پر واقعے میں ملوث ہے،ماسٹر مائنڈ بھی بھارت کا شہری ہے،دہشت گردی کی واردات میں بھارتی خفیہ ایجنسی را کا ہاتھ ہے،،ایک ملزم عید گل کا تعلق افغانستان سے بھی ہے جب کہ تیسرا ملزم پیٹر پال کراچی کا رہنے والا تھا۔

مشیر قومی سلامتی کا کہنا تھا کہ پاکستان میں موجود تمام ملزمان قانون کی گرفت میں آگئے ہیں، جوہر ٹاؤن دھماکا اور سائبر حملے ایک ساتھ جڑے ہوئے ہیں،جس دن دھماکا ہوا، ہمارے انوسٹی گیشن نیٹ ورک پر سائبر حملے کیےگئے، ہمارے ادارے سائبر سیکورٹی پر کام کرکے بہت مضبوط ہوگئے ہیں۔

معید یوسف کا کہنا تھا کہ بھارت کے اصل چہرے کو سامنے لائيں گے، لاہور دھماکے سے توجہ ہٹانے کے لیے مقبوضہ کشمیر میں ڈرون حملے کا ڈرامہ کیا گیا،اتنے ثبوت ملنے کے بعد بھی دنیا خاموش رہے تو ثابت ہوجائےگا کہ اس کی دلچسپی امن میں نہیں ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ وقت آگیا ہے کہ افغان مہاجرین کی پاکستان سے وطن باعزت واپسی ہو، افغان مہاجرین امن پسند ہیں ، دہشت گردی کے واقعات سے ان کی بدنامی ہوتی ہے۔

Back to top button