افغانستان میں انتہا پسندی بلندترین سطح پر ہے ، حامد کرزئی
افغانستان کے سابق صدر حامدکرزئی نے کہاہے کہ امریکا افغانستان میں ناکام ہوگیا ہے اور بیس سال کے طویل عرصے کے بعد مقاصد میں ناکامی کو تسلیم کرتے ہوئے ملک کو تباہ حالی میں چھوڑکر واپس جارہا واشنگٹن نے نیٹوکے ساتھ مل کر کئی ہفتوں کی کارپٹ بمباری کے بعد کابل سے طالبان حکومت جانے کے بعد حامد کرزئی کو صدر منتخب کروایا تھا .
امریکی نشریاتی ادارے سے انٹرویومیں حامد کرزئی نے کہا کہ امریکہ انتہا پسندی کے خاتمے اور ملک میں استحکام قائم کرنے کے لیے آیا تھا مگر آج 20 سال بعد دونوں مقاصد میں ناکام ہونے کے بعد واپس جا رہا ہے انہوں نے کہا کہ افغانستان میں انتہا پسندی بلندترین سطح پر ہے اور انخلا کرنے والی افواج ملک میں تباہی چھوڑ کر جا رہی ہیں
ان کا یہ انٹرویو ایسے حالات میں سامنے آیا ہے جب افغان طالبان ملک کے آدھے سے زیادہ حصے پر قبضہ کرچکے ہیں اور حال ہی میں انہوں نے دفاعی لحاظ سے انتہائی اہم صوبوں قندوز، بغلان اور بلخ پر قبضہ کیا ہے اس کے علاوہ طالبان کی جانب سے ایسی ویڈیوزجاری کی گئی ہیں جن میں افغان فوج کے اہلکاروں کو بڑی تعداد میں طالبان کمانڈرزکے سامنے ہتھیار ڈالتے دیکھا جاسکتا ہے.