کینیڈا نے پاکستان پر عائد سفری پابندیاں ختم کردیں۔کینیڈین وزیرٹرانسپورٹ کے مطابق کینیڈا اور پاکستان کے درمیان پی آئی اے کی فلائٹس بھی بحال کردی گئی ہیں تاہم بھارت پر سفری پابندیاں برقرار رہیں گی۔
دوسری جانب پاکستان انٹرنیشنل ائیرلائنز (پی آئی اے) کے ترجمان کے مطابق سی ای او ارشد ملک کی وضع کردہ ایس او پیز سے مطمئن ہونے کے بعد کینیڈین حکام کی جانب سے پی آئی اے کو دوبارہ براہ راست پروازیں شروع کرنے کی اجازت موصول ہوگئی ہے۔
ترجمان نے بتایا کہ پی آئی اے پہلے مرحلے میں ہفتہ وار تین پروازیں اتوار سے شروع کرے گا جبکہ پروازیں کراچی،لاہور اور اسلام آباد سے روانہ ہوں گی۔
ترجمان کے مطابق پروازوں پربکنگ کھول دی گئی ہے اور لوگ بآسانی نشستیں حاصل کرسکتے ہیں۔
خیال رہے کہ پی آئی اے کا کورونا کے باعث کینیڈا کیلئے فضائی آپریشن صرف کارگو تک محدود تھا۔