وفاقی وزیر منصوبہ بندی اسد عمر نے کورونا پابندیوں میں نرمی کا عندیہ دے دیا، انہوں نے کہا کہ کورونا ویکسی نیشن بالکل محفوظ ہے کوئی سائیڈ افیکٹس نہیں، کاروباری بندشیں لگانا اچھا نہیں لگتا، کوشش ہے کچھ بندشوں میں نرمی کریں، جلدی ویکسین لگوائیں تاکہ کاروبار کھلے۔ تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیر اسد عمر نے ماس ویکسی نیشن سینٹر دورہ کیا، اسد عمر کے ہمراہ فیصل سلطان نے بھی ماس ویکسی نیشن سینٹر کا دورہ کیا۔
وفاقی وزیر اسد عمر نے کہا کہ اب تک 46 لاکھ سے زائد لوگوں کو ویکسین لگوائی گئی ہے۔ ابھی تک ویکسی نیشن کا تجربہ اچھا رہا ہے۔ پاکستان میں ویکسی نیشن سے کسی قسم کے سائیڈ افیکٹس نہیں آئے۔ ویکسی نیشن بالکل محفوظ ہے۔
بندشیں لگوانا اچھا نہیں لگتا،جلدی ویکسین لگوائیں تاکہ کاروبارکھلے۔ این سی اوسی کی ٹیم نےعید کے دنوں میں بھی کام کیا۔ انہوں نے کہا کہ ایف نائن پارک میں بھی ویکسی نیشن سینٹر کا انتظام کیا ہے۔کوشش کررہے ہیں کہ کچھ بندشوں میں نرمی کریں۔ انہوں نے کہا کہ پوری تحریک انصاف عمران خان کے ساتھ کھڑی ہے۔ عمران خان کو کوئی فکر نہیں وہ ملک کی بہتری کیلئے کام کررہے ہیں۔ ترین صاحب نے بھی کہا ہےکہ وہ پی ٹی آئی کے ساتھ ہیں۔ ماضی کی حکومتوں میں بڑے اسکینڈل سامنے آئے لیکن کسی نے انکوائری نہیں کی۔ کیا پہلے چینی مہنگی نہیں ہوئی، پیٹرول کا بحران نہیں آیا؟ عمران خان نہیں دیکھتےکہ ان کوسیاسی فائدہ ہوگا یا نہیں،اسی دن فیصلہ کرتے ہیں۔
یاد رہے این سی اوسی نے کہا ہے کہ گزشتہ روز ملک بھر میں 2 لاکھ 12 ہزار 525 افراد کو کورونا ویکسین لگائی گئی۔ جاری اعلامیہ کے مطابق گزشتہ روز ملک بھر میں 2 لاکھ 12 ہزار 525 افراد کو کورونا ویکسین لگائی گئی، این سی او سی کے مطابق ملک بھر میں ابتک 47 لاکھ 45 ہزار 378 افراد کو ویکسین لگائی جا چکی ہے۔