بسم اللہ الرحمن الرحیم

قومی

شہبازشریف کا نام ایگزٹ کنٹرول لسٹ میں ڈال دیا گیا

شہباز بیرون ملک چلے گئے توان کو نواز شریف کی طرح واپس لانا مشکل ہوگا،شیخ رشید

وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ پاکستان مسلم لیگ ن کے صدر شہبازشریف کا نام ایگزٹ کنٹرول لسٹ میں ڈال دیا گیا ہے، وہ بیرون ملک چلے گئے توان کو نواز شریف کی طرح واپس لانا مشکل ہوگا، ای سی ایل میں نام ڈالنے کے فیصلے کے خلاف شہباز شریف 15 دن میں وزارت داخلہ میں درخواست دے سکتے ہیں۔

تفصیلات کے مطابق اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ شہباز شریف نے نوازشریف کو لانے کی بجائے خود ملک سے بھاگنے کی کوشش کی، شہبازشریف کو اگراجازت دی گئی تو واپس لانا مشکل ہوگا، شریف خاندان کے 5 افراد پہلے سے بیرون ملک مفرور ہیں اورلندن میں بیٹھے ہیں، جب کہ شہباز شریف اپنے بھائی نواز شریف کے ضمانتی ہیں، شہبازشریف نے ضمانت دی تھی کہ نوازشریف کوواپس لائیں گے، شہبازشریف کو باہر جانے دینے سے کیس متاثرہوتا، ان کو جانے کی اجازت دی تو وہ سلطانی گواہ پر اثر انداز ہوسکتے ہیں، اس سے پہلے نوازشریف واپس نہیں آیا تو شہباز شریف کیسے واپس آتے، لیڈر اپنے لوگوں میں جینا مرنا چاہتا ہے لندن بھاگنا نہیں چاہتا۔

شیخ رشید نے کہا کہ ڈیل سے متعلق میرے پاس کوئی اطلاع نہیں ہے ، شہبازشریف واحد لیڈر ہیں جواپوزیشن کے دن باہر اور اقتدار کے دن ملک میں گزارنا چاہتے ہیں، میرے پاس کوئی اطلاع نہیں کہ شہبازشریف ڈیل کے نتیجے میں باہر آئے ہیں، اپوزیشن جو کرنا چاہتی ہے کرلے، عمران خان اپوزیشن کے بس کی بات نہیں، عمران خان کامیاب ہوں گے اورملک کو بحرانوں سے نکالیں گے، عمران خان سمجھدارآدمی ہیں ، اسی لیے وہ چھٹیوں میں بھی کام کرتے ہیں، جب کہ جنرل باجوہ نے بھی کہا ہے کہ فوج جمہوری اداروں اور حکومت کے ساتھ کھڑی ہے۔

Back to top button