شمالی وزیرستان میں آج عید منانے کا اعلان مسترد ، روزہ رکھا جائیگا
حیدر خیل نامی ایک گاوں کے علاوہ شمالی وزیرستان کے باقی تمام علاقوں میں 12 مئی کو روزہ رکھا جائے گا،علما کا اعلان
شمالی وزیرستان کے علماء کا کل 12 مئی کو روزہ رکھنے کا اعلان۔ تفصیلات کے مطابق شمالی وزیرستان کے کچھ لوگوں اور علماء کی جانب سے 12 مئی کو عید منانے کے اعلان کے بعد کئی علماء نے فوری طور پر ردعمل دیتے ہوئے اس اعلان کو مسترد کر دیا۔
ان علماء کی جانب سے اعلان کیا گیا ہے کہ حیدر خیل نامی ایک گاوں کے علاوہ شمالی وزیرستان کے باقی تمام علاقوں میں 12 مئی کو روزہ رکھا جائے گا۔ اس سے قبل نجی ٹی وی چینل سے وابستہ صحافی کی جانب سے بتایا گیا ہے کہ شمالی وزیرستان کی مقامی رویت ہلال کمیٹی نے کل عید الفطر منانے کا اعلان کر دیا ہے۔
مقامی رویت ہلال کمیٹی نے دعویٰ کیا ہے کہ انہیں شوال کے چاند کی رویت کے حوالے سے لوگوں کی گواہی موصول ہوئی جس کے تحت کل 12 مئی کو عید الفطر منائی جائے گی۔شمالی وزیرستان کی مقامی رویت ہلال کمیٹی کے اس اعلان پر شہریوں کی جانب سے شدید ردعمل دیا گیا ہے۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ یہ کیسے ممکن ہے کہ چاند کی پیدائش سے قبل ہی چاند دیکھ لیا جائے۔ جبکہ آج 11 مئی کو سعودی عرب سمیت دنیا کے کسی بھی ملک میں شوال کا چاند نہیں آیا۔ ماہرین فلکیات کے مطابق شوال کے چاند کی پیدائش 12 مئی کو رات 12 بجکر01 منٹ پرہوگی، تو پھر پیدائش سے کئی گھنٹے قبل ہی چاند کیسے دیکھ لیا گیا؟ دوسری جانب شوال کے چاند کی رویت کے حوالے سے محکمہ موسمیات نے پیشگوئی کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس بار29 کی بجائے 30روزوں کا امکان زیادہ ہے، عیدالفطر 14مئی بروزجمعہ کو ہوسکتی ہے، تاہم حتمی فیصلہ رویت ہلال کمیٹی کرے گی۔
محکمہ موسمیات کے مطابق بدھ 12مئی کو ملک کے بیشترحصوں میں مطلع صاف ہوگا، تاہم شوال کاچاند نظرآنے کاامکان نہ ہونے کے برابرہے، شوال کے چاندکی پیدائش 12 مئی کی رات 12 بجکر01 منٹ پرہوگی۔ جبکہ وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات فواد چوہدری کا بھی کہنا ہے کہ عید کا حتمی اعلان رویت ہلال کمیٹی نے ہی کرنا ہے تاہم وزارت سائنس و ٹیکنالوجی کے کیلنڈر اور رویت ایپ کے مطابق چاند 13 مئی کو نظر آئے گا اور عید الفطر 14 مئی کو ہوگی۔