بسم اللہ الرحمن الرحیم

قومی

مسئلہ کشمیر کے بارے میں سعودی قیادت کی جانب دیکھ رہے ہیں،چوہدری فواد

سعودی عرب مسئلہ کشمیر کے حل میں اہم کردار ادا کر سکتا ہے

وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات چوہدری فواد حسین نے کہا ہے کہ مسئلہ کشمیر کے بارے میں سعودی قیادت کی جانب دیکھ رہے ہیں، سعودی عرب مسئلہ کشمیر کے حل میں اہم کردار ادا کر سکتا ہے،وزیراعظم عمران خان اپنے دورہ سعودی عرب کے دوران دونوں ممالک میں اسٹریٹجک پارٹنر شپ، سپریم کوآرڈینیشن کونسل اور میڈیا پارٹنر شپ سمیت اقتصادی شراکت داری کے بارے میں گفتگو کریں گے۔

سعودی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان کا سعودی عرب کا تیسرا دورہ ہوگا۔ وزیراعظم عمران خان کے سعودی قیادت کے ساتھ اچھے ذاتی تعلقات ہیں، یہ تعلقات باہی محبت اور بھائی چارے کے رشتے پر مبنی ہیں۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ ہم مسئلہ کشمیر کے بارے میں سعودی قیادت کی جانب دیکھ رہے ہیں، سعودی عرب مسئلہ کشمیر کے حل میں اہم کردار ادا کر سکتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ وزیراعظم نے ایران اور سعودی عرب کے درمیان علاقائی تنازعہ کے خاتمہ کی خواہش کا اظہار کیا ہے، ممالک کو ایک دوسرے کی خودمختاری کا احترام کرنا چاہئے۔ چوہدری فواد حسین نے کہا کہ ایران کے ساتھ مذاکرات کے بارے میں سعودی ولی عہد کے حالیہ بیان کے حوالے سے وزیراعظم عمران خان اپنا کردار ادا کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ ہم اسلامی دنیا کے لئے سعودی قیادت کی خدمات کو تسلیم کرتے ہیں اور ہم یہ جاننا چاہیں گے کہ ایران اور مملکت سعودی عرب کے درمیان باہمی گفت و شنید کو آسان بنانے کے لئے پاکستان کس طرح سہولت فراہم کر سکتا ہے۔ چوہدری فواد حسین نے کہا کہ پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان دیرینہ اور تاریخی دفاعی تعلقات ہیں۔

Back to top button