کورونا وائرس کے بڑھتے کیس، انڈین پریمیئر لیگ ملتوی
آئی پی ایل کھیلنے والے کئی کھلاڑی اب تک کورونا وائرس میں مبتلا ہوچکے ہیں
بھارت میں کورونا کی بدترین صورتحال اور کئی کھلاڑیوں کے کورونا میں مبتلا ہونے کے بعد بھارتی کرکٹ بورڈ نے آئی پی ایل کو غیرمعینہ مدت تک ملتوی کردیا ہے۔میڈیا رپورٹس کے مطابق بھارتی کرکٹ بورڈ نے انڈین پریمیئر لیگ کو فوری طور پر غیر معینہ مدت کے لیے ملتوی کیا ہے۔
واضح رہے کہ بھارت میں کورونا کے پھیلا اور کھلاڑیوں کے ٹیسٹ مثبت آنے کے باعث گزشتہ روز کلکتہ اور بنگلور کی ٹیموں کے درمیان ہونے والا انڈین پریمیئر لیگ (آئی پی ایل) کا میچ منسوخ کر دیا گیا تھا۔
رپورٹ کے مطابق جن کھلاڑیوں کے کورونا ٹیسٹ مثبت آئے ہیں ان میں ورن چکرورتی اور سندیپ واریرز شامل ہیں اور دونوں کھلاڑیوں کو اس وقت کورونا ہوا جب وہ انجری کے باعث میڈیکل چیک اپ کے لیے باہر گئے تھے۔
اس کے علاوہ چنائی سپر کنگز کے بولنگ کوچ لکشمی پتی بالاجی اور ٹیم کے سپورٹ اسٹاف کے رکن کا بھی کورونا ٹیسٹ مثبت آیا ہے۔ ان کے کیسز کے بعد چنائی سپر کنگز کی پوری ٹیم کو قرنطینہ کر دیا گیا ہے۔
بھارت میں آئی پی ایل کھیلنے والے کئی کھلاڑی اب تک کورونا وائرس میں مبتلا ہوچکے ہیں اور متعدد غیر ملکی کھلاڑی بھی لیگ سے علیحدگی اختیار کرچکے ہیں۔