بسم اللہ الرحمن الرحیم

کھیل

پاکستان بیس بال ٹیم نے ایشین گیمز 2022 کے لئے کوالیفائی کرلیا

۔ ایشین گیمز چین کے شہر ہینگزو میں 18 سے 22 ستمبر 2022تک شیڈول ہیں

پاکستان بیس بال ٹیم نے انیسویں ایشین گیمز 2022 کے لئے کوالیفائی کرلیا۔ ایشین گیمز چین کے شہر ہینگزو میں 18 سے 22 ستمبر 2022تک شیڈول ہیں۔پاکستان فیڈریشن بیس بال کے صدر سید فخر علی شاہ کے مطابق تائیوان میں ہونے والی بیس بال فیڈریشن آف ایشیا کی ایگزیکٹو کمیٹی کی میٹنگ میں اس بات کا فیصلہ کیا گیا کہ پاکستان بیس بال ٹیم اگلے سال چائنا میں کھیلی جانے والی ایشین گیمز میں حصہ لے گی۔ ایشین گیمز کے بیس بال ایونٹ میں پاکستان سمیت بارہ ٹیمیں حصہ لیں گی جن میں جاپان (ورلڈ نمبر1)، کوریا (ورلڈ نمبر3)، تائیوان (ورلڈ نمبر4)، چین، ھانگ کانگ، تھائی لینڈ، انڈونیشیا، فلپائن، سنگا پور، منگولیا اور لاؤس کی ٹیمیں شامل ہیں۔
سید فخرعلی شاہ کے مطابق پاکستان کا ایشین گیمز میں حصہ لینا خوش آئند ہے۔ پاکستان بیس بال ٹیم نے عمدہ کارکردگی کی بدولت مسلسل چوتھی بار ایشین گیمز کے لئے کوالیفائی کیا ہے۔ پچھلی ایشین گیمز جوکہ 2018 میں جکارتہ انڈونیشیا میں منعقد ہوئیں تھیں اس میں پاکستان کی مکمل 24کھلاڑیوں پر مشتمل ٹیم کی بجائے 16 کھلاڑیوں نے حصہ لیا تھا لیکن اس کے باوجود ٹیم نے بہت اچھا پرفارم کیا اور گیمز میں پانچویں پوزیشن حاصل کی۔
سید فخر علی شاہ نے مزید بتایا کہ پاکستان میں بیس بال کے لئے باقاعدہ گراؤنڈ نہیں ہے اور ہمیں کرکٹ یا فٹ بال گراؤنڈز میں ٹیم کی ٹریننگ کے لئے کیمپ لگانے پڑتے ہیں۔ اگر گورنمنٹ ہمیں بیس بال کے لئے مخصوص گراؤنڈ مہیا کردے تو پاکستان کی ٹیم کی کارکردگی میں مزید اضافہ اور بہتری آسکتی ہے۔

Back to top button