بسم اللہ الرحمن الرحیم

قومی

کورونا کی لہر، ٹرینوں کی روانگی منسوخ

منسوخ کی گئی ٹرینوں کے مسافروں کو دیگر ٹرینوں میں ایڈجسٹ کیا جا رہا ہے

محکمہ ریلوے نے کراچی سے اندرون ملک کے لیے چلنے والی 8 ٹرینوں کی روانگی منسوخ کر دی ہے جبکہ کئی ٹرینوں کے اوقات کار تبدیل کر دیے گئے ہیں۔ذرائع کے مطابق کورونا وائرس کی لہر کی وجہ سے مسافروں کی کم تعداد ٹرینوں پر سفر کر رہی ہے جس کی وجہ سے ٹرینوں کی روانگی منسوخ کر کے ان کے مسافروں کو دوسری ٹرینوں پر بھجوایا جا رہا ہے۔

ریلوے حکام کی جانب سے جاری کیے گئے شیڈول کے مطابق آج شام کراچی اور لاہور کے درمیان چلنے والی 31 اپ اور 32 ڈاؤن جناح ایکسپریس کو بیک وقت معطل کر دیا گیا ہے اور اس کے مسافروں کو قراقرم ایکسپریس میں ایڈجسٹ کیا جائے گا۔

15 اپ 16 ڈاؤن کراچی ایکسپریس اور 33 اپ 34 ڈاؤن پاک بزنس ایکسپریس کو بھی بیک وقت معطل کردیا گیا ہے جبکہ کراچی اور اسلام آباد کے درمیان چلنے والی 5 اپ 6 ڈاؤن گرین لائن ایکسپریس کو بھی بیک وقت معطل کیا گیا ہے۔

ترجمان کے مطابق ان ٹرینوں کی معطلی صرف آج ایک دن کے لیے ہے، ان 4 گاڑیوں میں کنفرم ٹکٹ رکھنے والوں کو دوسری ٹرینوں میں ایڈجسٹ کیا جائے گا۔ترجمان ریلوے کا بتانا ہے کہ آج سرسید ایکسپریس رات 10 بجے کراچی کینٹ سے روانہ ہوگی اور براستہ فیصل آباد لاہور اسلام آباد جائے گی جس میں گرین لائن ایکسپریس کے مسافروں کو بھی ایڈجسٹ کیا گیا ہے۔

قراقرم ایکسپریس آج شام 4 بجے کراچی سے روانہ ہو گی جو جناح ایکسپریس اور بزنس ایکسپریس کے مسافروں کو لے کر جائے گی۔

Back to top button