بسم اللہ الرحمن الرحیم

کھیل

زمبابوے کیخلاف جو ضرورت ہوئی وہ تبدیلی کرینگے، بابر اعظم

اعتماد ہیں اور ٹیم اچھا کھیلے گی، پاکستان ٹیسٹ ٹیم کی بیٹنگ مضبوط ہے، اظہرعلی اور فواد عالم تجربہ کار کھلاڑی ہیں

پاکستان کرکٹ ٹیم کے کپتان بابر اعظم نے ہرارے سے ورچوئل پریس کانفرنس کی اور میڈیا کے سوالات کے جوابات دیے۔بابر اعظم کا کہنا تھا کہ ٹیم جیت کے تسلسل کو برقرار رکھنے کی کوشش کرے گی جبکہ وننگ کمبی نیشن کے ساتھ میدان میں اتریں گے اور تبدیلی کی جو ضرورت ہوگی وہ کریں گے۔

زرائع کاکہنا ہے کہ جنوبی افریقا کے خلاف ہوم ٹیسٹ سیریز جیتنے والی ٹیم میں ایک تبدیلی ہو گی، یاسر شاہ فٹنس مسائل کی وجہ سے ٹیم کا حصہ نہیں ہیں اور زاہد محمود ڈیبیو کریں گے۔بابراعظم نے کہا کہ تھوڑے وقفے کے بعد ٹیسٹ کھیل رہے ہیں، کنڈیشنز بھی مختلف ہیں لیکن ٹیم پر اعتماد ہیں اور ٹیم اچھا کھیلے گی، پاکستان ٹیسٹ ٹیم کی بیٹنگ مضبوط ہے، اظہرعلی اور فواد عالم تجربہ کار کھلاڑی ہیں۔

ایک سوال کے جواب میں کپتان کا کہنا تھاکہ ٹی ٹوئنٹی سیریز میں ضرورت کے مطابق کمبی نیشن بنانے کی کوشش کی اور میں بھی ایک نمبر نیچے آیا، میں ٹیم کی ضرورت کے مطابق کھیلتا ہوں، خودغرض اننگز نہیں کھیلتا، ہر کوئی اپنی رائے دیتا ہے اس بارے میں نہیں سوچتا۔بابراعظم نے کہا کہ ریکارڈرز توڑنے اوربنانے پر خوش ہوتا ہوں لیکن میری توجہ ٹیم کیلئے کھیل پر ہوتی ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ یہ باتیں اب ختم ہوجانی چاہیئیں کہ میرے ہاتھ میں کچھ نہیں، ہر پریس کانفرنس میں یہی کہا جاتا ہے لیکن آن دی فیلڈ سب کو نظر آ رہا ہے کہ معاملات کو میں ہی دیکھتا ہوں اور سب چیزوں کو کنٹرول کرتا ہوں۔

بابر اعظم کا کہنا تھاکہ فائنل الیون بھی میری ہی فائنل ہوتی ہے، ان پٹ ضرور لیتا ہوں اور منیجمنٹ سے پوچھتا ہوں، میں کپتان بنا ہوں اور مجھے میرے کردار کا پتہ ہے لیکن ہر کسی کے سوچنے کا انداز ہے اور ہر کسی کی اپنی رائے ہے۔

ایک سوال کے جواب میں بابر اعظم نے کہا کہ وائٹ بال کا کوچ دیکھنا پی سی بی کا کام ہے، مجھے یا کسی اورکو کوچز سے کوئی مسئلہ نہیں ہے ہم خوش ہیں۔

Back to top button