8 مئی سے 16مئی تک سیاحت پر مکمل پابندی عائد
وزارت داخلہ کےمطابق سیاحت پر پابندی عید الفطر کی چھٹیوں کے دوران بھی رہے گی
حکومت نے عید کے موقع پر ملک بھر میں سیاحت پر پابندی عائد کردی۔وزارت داخلہ نے این سی او سی کے اجلاس میں کیے گئے فیصلے جاری کردیے جس کے تحت 8 مئی سے 16مئی تک سیاحت پر مکمل پابندی عائد کی گئی ہے۔
وزارت داخلہ کےمطابق سیاحت پر پابندی عید الفطر کی چھٹیوں کے دوران بھی رہے گی، سیاحتی مقامات اور اردگرد کے تمام ریسٹورینٹس، پبلک پارکس، ساحلی مقامات اور ہوٹل مکمل بندرہیں گے جب کہ عید کی تعطیلات میں بین الصوبائی اور انٹرسٹی ٹرانسپورٹ بھی بند رہے گی۔
نوٹیفکیشن میں بتایا گیاہےکہ عید کی تعطیلات میں مری،گلیات، سوات اور کالام جانے والی سڑکیں بند رہیں گی، ساحلی علاقوں اور شمالی علاقہ جات جانے والی سڑکیں بھی بند رہیں گی جب کہ گلگت بلتستان کے مقامی افراد کو واپس جانے کی اجازت ہوگی۔
وزارت داخلہ کے مطابق عید کی چھٹیوں کے دوران بجلی کی بلا تعطل فراہمی یقینی بنائی جائےگی جب کہ اعتکاف، شب قدر، جمعۃ الوداع اور عیدکے لیے ایس اوپیزکا بروقت اجرا کیا جائے گا۔