سلیم صافی کی والدہ کی نماز جنازہ ادا
سینئر صحافی سلیم صافی کی والدہ کی نماز جنازہ خیبر پختون خوا کے علاقے رشکئی بازار کی مرکزی جنازہ گاہ میں ادا کر دی گئی۔سلیم صافی کی والدہ کے جنازے میں امیرِجماعتِ اسلامی سراج الحق، مشیرِ اطلاعات خیبر پختون خوا کامران بنگش، ارکانِ اسمبلی، صحافیوں اور دیگر نے شرکت کی۔
نمازِ جنازہ کی ادائیگی کے بعد سلیم صافی کی والدہ کو مقامی قبرستان میں سپردِ خاک کیا جائے گا۔
سلیم صافی سے ان کی والدہ کے انتقال پر امیرِ جماعتِ اسلامی سینیٹر سراج الحق، پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) اور جمعیت علمائے اسلام (جے یو آئی) ف کے سربراہ مولانا فضل الرحمٰن، پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری، عوامی نیشنل پارٹی (اے این پی) کے سربراہ اسفندیار ولی خان، مسلم لیگ نون کی ترجمان مریم اورنگزیب، اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر، ڈپٹی اسپیکر قومی اسمبلی قاسم سوری اور دیگر نے اظہارِ تعزیت کیا ہے اور مرحومہ کی مغفرت کے لیے دعا بھی کی ہے۔