بسم اللہ الرحمن الرحیم

کھیل

تیسرا ٹی ٹو ٹوئنٹی، پاکستان کی جنوبی افریقہ کیخلاف 9وکٹوں سے ریکارڈ ساز فتح

پاکستان نے کپتان بابر اعظم کی شاندار سنچری اور محمد رضوان کی نصف سنچری کی بدولت جنوبی افریقہ کو تیسرے ٹی ٹوئنٹی میچ میں ریکارڈ ہدف عبور کرتے ہوئے 9 وکٹوں سے شکست دے دی۔

قومی ٹیم نے جنوبی افریقہ کی جانب سے دیا گیا 204 رنز کا ہدف 18ویں اوور میں حاصل کرلیا۔

سنچورین میں کھیلے جارہے اس میچ میں پاکستان نے جنوبی افریقہ کے خلاف ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کرنے کا فیصلہ کیا۔

قومی ٹیم کے کپتان کا یہ فیصلہ اس وقت بظاہر غلط ثابت ہوا جب جنوبی افریقی اوپنرز نے بغیر کوئی وکٹ گنوائے ابتدائی 10 اوورز میں ہی 100 کا ہندسہ عبور کر ڈالا۔

اننگز کے گیارہوں اوور میں آئیڈن مارکرم 63 رنز کی دھواں دھار اننگز کھیل کر آؤٹ ہوئے لیکن اس کے باوجود ہوم ٹیم کے اسکور بڑھنے کی تیزی کم نہ ہوئی۔

ایک کے بعد ایک بیٹسمین وکٹ پر آتا گیا اور اپنا حصہ ڈالتا گیا اور اس طرح جنوبی افریقہ نے بورڈ پر 203 رنز کا پہاڑ جیسا ٹوٹل سجا دیا۔

مارکرم کے علاوہ جنوبی افریقہ کی جانب سے یانیمن ملان نے 55، وینڈر ڈوسن نے 34، جارج لِنڈا نے 22 اور ہینرچ کلاسین نے 15 رنز کی اننگز کھیلی۔

پاکستان کی جانب سے محمد نواز نے دو جبکہ حسن علی، فہیم اشرف اور شاہین آفریدی نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔

ہدف کے تعاقب میں ان فارم محمد رضوان اور کپتان بابر اعظم پروٹیز پر ایسے برسے کہ ان کی جانب 204 رنز کا دیا گیا ہدف بھی ہوم ٹیم کے لیے کم پڑ گیا۔

بابر اعظم نے سنچری اور رضوان نے نصف سنچری بناتے ہوئے ٹیم کو اہم فتح سے ہم کنار کروادیا۔

Back to top button