نامور کرکٹرز کو خراج تحسین پیش کرنے کیلئے ہال آف فیم کی منظوری

پاکستان کرکٹ بورڈ کے بورڈ آف گورنرز نے پاکستان کرکٹ کی نامور شخصیات کی خدمات کا اعتراف کرتے ہوئے انہیں خراج تحسین پیش کرنے کے لیے پی سی بی ہال آف فیم کے آغاز کی منظوری دے دی ہے۔

ابتدائی طور پر آئی سی سی کرکٹ ہال آف فیم میں شامل چھ اراکین، حنیف محمد، عمران خان، جاوید میانداد، وسیم اکرم، وقار یونس اور ظہیر عباس کو پی سی بی ہال آف فیم کا حصہ بنایا گیا ہے۔

ہر سال مزید تین شخصیات پی سی بی ہال آف فیم میں شامل کی جائیں گی، ان شخصیات کا انتخاب ایک آزاد پینل کرے گا۔

پی سی بی ہال آف فیم میں شامل ہونے والی نئی شخصیات کا اعلان ہر سال 16 اکتوبر کو کیا جائے گا، اس تاریخ کو پاکستان نے 1952 میں پہلی مرتبہ ٹیسٹ کرکٹ کا آغاز کیا تھا۔

پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین احسان مانی کا کہنا ہے کہ پی سی بی ہال آف فیم بھی اپنے نامور کھلاڑیوں کی خدمات کا اعتراف کرنے کا ایک انداز ہے۔

انہوں نے کہاکہ ابتدائی طور پر آئی سی سی کرکٹ ہال آف فیم میں شامل چھ پاکستانی پی سی بی ہال آف فیم کا حصہ ہوں گے، جس کے بعد ہر سال تین نئی شخصیات اس کا حصہ بنتی چلی جائیں گی۔

Exit mobile version