امریکی محکمہ خارجہ نے پاکستان کے بھارت سے چینی اور کپاس درآمد کرنے کے فیصلے پر تبصرے سے انکار کیا، تاہم اس کا کہنا تھا کہ دونوں پڑوسی ممالک کو تعلقات معمول پر لانے کے لیے براہ راست مذاکرات کرنے چاہیے۔
رپورٹ کے مطابق امریکی محکمہ خارجہ کے ترجمان نیڈ پرائس نے اس پیشرفت سے متعلق سوال پر کہا کہ ‘میں خاص طور پر اس پر تبصرہ نہیں کرنا چاہوں گا، میں یہ کہوں گا کہ ہم پاکستان اور بھارت کے درمیان تشویش کے امور پر براہ راست مذاکرات کی حمایت جاری رکھے ہوئے ہیں’۔
واضح رہے کہ 31 مارچ کو اقتتصادی رابطہ کمیٹی (ای سی سی) نے اسلام آباد میں اعلان کیا تھا کہ وہ نجی شعبے کو بھارت سے 5 لاکھ ٹن چینی درآمد کرنے کی اجازت دے رہی ہے۔
کمیٹی نے جون سے بھارت سے کپاس درآمد کرنے کی تجویز بھی منظور کر لی تھی۔ تاہم یکم اپریل کو وفاقی کابینہ نے اس وقت تک بھارت سے تجارت کرنے کے ای سی سی کے فیصلے کو مؤخر کردیا تھا جب تک نئی دہلی اپنے آئین کا آرٹیکل 370 بحال نہیں کرتا، جو مقبوضہ جموں و کشمیر کی خصوصی حیثیت کی ضمانت دیتا ہے۔