وفاقی کابینہ نے بھارت سے چینی اور کپاس درآمد کرنے کی سمری مسترد کردی۔وزیراعظم عمران خان کی زیرصدارت وفاقی کابینہ کا اجلاس ہوا جس میں وزیراعظم نے ویڈیو لنک کے ذریعے شرکت کی۔ذرائع کےمطابق کابینہ کے اجلاس میں اقتصادی رابطہ کمیٹی کی بھارت سے چینی اور کپاس درآمد کرنے کی سفارش پر غور کیا گیا جس میں اقتصادی رابطہ کمیٹی نے بھارت سے سستی چینی منگوانے کی سفارش کی تھی۔ذرائع کے مطابق وفاقی کابینہ نے بھارت سے چینی اور کپاس درآمد کرنے کی سمری کو مسترد کردیا ہے۔
ذرائع نے بتایا کہ کابینہ نے اقتصادی رابطہ کمیٹی کے فیصلے پر تحفظات کا اظہار کیا ہے اور اراکین کا کہنا تھا کہ بھارت سے تعلقات کے حوالے سے جو مسائل ہیں ایسے میں بھارت سے یہ چیزیں منگوانا کوئی مثبت پیشرفت نہیں ہوگی۔ذرائع کا کہنا ہےکہ کابینہ کی جانب سے سمری مسترد کیے جانے کے بعد وزیراعظم نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی ہے کہ مناسب داموں پر دیگر ممالک سے چینی اور کپاس کی درآمد کے لیے کوششیں تیز کی جائیں۔