نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر (این سی او سی) نے اس ویڈیو کلپ پر انکوائری کا فیصلہ کیا ہے جس میں حکومتی اتحادی جماعت مسلم لیگ (ق) کے وفاقی وزیر طارق بشیر چیمہ کے اہلِ خانہ ویکسین لگواتے دیکھے گئے تھے۔ رپورٹ کے مطابق اس سلسلے میں ایک نیوز چینل سے بات کرتے ہوئے اسد عمر نے کہا کہ ‘ہمیں معلوم ہوا کہ معاشرے کے بہت سے افراد اس میں ملوث ہیں، لوگوں کو ویکسین لگائی گئی ہے اور انہیں ہیلتھ ورکرز کی فہرست میں شامل کیا گیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ این سی او سی کے اجلاس کے دوران پہلے اس بات کی انکوائری کا فیصلہ کیا گیا کہ کیا وزیر کے اہل خانہ کو اسلام آباد میں ویکسین لگی یا پنجاب میں لگائی گئی۔ان کا کہنا تھا کہ قانون کی خلاف ورزی کر کے چیزیں حاصل کرنا لوگوں کی نفسیات میں شامل ہے تاہم دوسری جانب ہمارے سامنے صدر پاکستان ڈاکٹر عارف علوی کی مثال ہے کہ جنہوں نے ویکسینیشن کے لیے اپنی باری کا انتظار کیا۔
انہوں نے کہا کہ اگر ان لوگوں کو پنجاب میں ویکسین لگائی گئی ہے تو حکومت پنجاب کارروائی کرے گی اور اگر اسلام آباد میں ویکسینیشن کی گئی ہے تو وزیراعظم کے معاون خصوصی ڈاکٹر فیصل سلطان اور سیکریٹری صحت عامر اشرف خواجہ ایکشن لیں گے۔خیال رہے کہ وفاقی وزیر برائے ہاؤسنگ طارق بشیر چیمہ سوشل میڈیا پر ایک ویڈیو کلپ وائرل ہونے پر تنقید کی زد میں آگئے تھے جس میں وہ ایک کمرے میں 60 سال سے کم عمر دیگر افراد کے ہمراہ بیٹھے ہوئے تھے جنہہیں ویکسین لگائی جارہی تھی۔
اس پر وضاحت دیتے ہوئے وفاقی وزیر نے کہا تھا کہ یونیورسٹی آف ہیلتھ سائنسز (یو ایچ ایس) کی ایک ٹیم کلینکل ٹرائل کے دوران ویکسین لگانے کے لیے ان کے گھر آئی تھی۔اس ضمن میں وزارت صحت کے ایک عہدیدار کا کہنا تھا کہ بدقسمتی سے لوگوں کی بڑی تعداد قطار توڑ کر ویکسین لگوا رہی ہے۔