صدر مملکت آصف علی زرداری اور وزیراعظم محمد شہباز شریف نے دیوالی کے موقع پر پاکستان سمیت دنیا بھر کی ہندو برادری کو مبارکباد دیتے ہوئے مذہبی آزادی، اقلیتوں کے حقوق اور بین المذاہب ہم آہنگی کے فروغ کے عزم کا اعادہ کیا ہے۔
اپنے الگ الگ پیغامات میں دونوں رہنماؤں نے کہا کہ دیوالی روشنی کی تاریکی پر، نیکی کی بدی پر اور امید کی مایوسی پر فتح کی علامت ہے، جبکہ یہ تہوار محبت، برداشت، ہمدردی اور پرامن بقائے باہمی کا پیغام بھی دیتا ہے۔
وزیراعظم شہباز شریف نے پاکستان کی ہندو برادری کو قومی تشخص کا اہم اور قابلِ قدر حصہ قرار دیتے ہوئے ملک کی سماجی، ثقافتی اور اقتصادی ترقی میں ان کی خدمات کو سراہا۔ انہوں نے کہا کہ آئین پاکستان تمام شہریوں کے مذہبی اور شہری حقوق کی ضمانت دیتا ہے اور حکومت ہر شہری کے حقوق، عزت اور مذہبی آزادی کے تحفظ کے لیے پرعزم ہے۔
صدر آصف علی زرداری نے ہندو برادری کی تعلیم، صحت، کاروبار، عوامی خدمت، سماجی بہبود، فنون اور ثقافت کے شعبوں میں خدمات کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان تمام شہریوں کا یکساں وطن ہے۔
انہوں نے قائداعظم محمد علی جناح کے مساوی شہریت کے تصور کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ ہر شہری کو اپنے مذہب پر آزادانہ عمل کرنے، باوقار زندگی گزارنے اور قانون کے تحت یکساں تحفظ حاصل کرنے کا حق ہونا چاہیے۔
صدر اور وزیراعظم نے اس بات پر زور دیا کہ مذہبی اقلیتوں کے حقوق کا تحفظ، تعصب اور امتیازی سلوک کا خاتمہ اور بین المذاہب ہم آہنگی کا فروغ پوری قوم کی مشترکہ ذمہ داری ہے۔
دونوں رہنماؤں نے امید ظاہر کی کہ دیوالی کی خوشیاں ہندو برادری کے لیے امن، خوشحالی، مسرت اور روشن مستقبل کا پیغام لے کر آئیں گی۔
