سری لنکا کے خلاف ٹیسٹ سیریز: پاکستان کے اسکواڈ میں چار نئے کھلاڑی شامل

پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے سری لنکا کے خلاف آئندہ دو ٹیسٹ میچوں کی سیریز کے لیے قومی ٹیسٹ اسکواڈ میں چار کھلاڑیوں کو شامل کر لیا ہے۔

پی سی بی کے مطابق فاسٹ بولنگ آل راؤنڈر عامر جمال، نوجوان فاسٹ بولر علی شبیر، بیٹر محمد طیب عارف اور فاسٹ بولر ثاقب خان کو اسکواڈ کا حصہ بنایا گیا ہے۔

محمد طیب عارف، علی شبیر اور ثاقب خان پہلی مرتبہ پاکستان کی جانب سے ٹیسٹ کرکٹ کھیلنے کے لیے قومی اسکواڈ میں شامل ہوئے ہیں۔ تینوں کھلاڑیوں نے 4 سے 6 نومبر تک اسلام آباد کلب میں سری لنکا کے خلاف کھیلے گئے پریکٹس میچ میں پیٹرنز الیون کی نمائندگی بھی کی تھی۔

دوسری جانب علی عثمان اور عبداللہ فضل کو ٹیسٹ اسکواڈ سے ریلیز کر دیا گیا ہے۔

عامر جمال پاکستان کی جانب سے 9 ٹیسٹ، 3 ون ڈے اور 6 ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میچ کھیل چکے ہیں۔ حال ہی میں انہوں نے پریزیڈنٹس ٹرافی گریڈ ون کے فائنل میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے 32 رنز کے عوض 7 وکٹیں حاصل کیں اور بیٹنگ میں 55 رنز بنا کر اپنی ٹیم مارخور آئی ٹی سلوشنز کی کامیابی میں اہم کردار ادا کیا۔

انہوں نے قائداعظم ٹرافی گولڈ کے ابتدائی راؤنڈ میں لاہور وائٹس کی قیادت کرتے ہوئے 74 اور 23 رنز بنائے جبکہ 3 وکٹیں بھی حاصل کیں۔

دائیں ہاتھ سے بیٹنگ کرنے والے محمد طیب عارف نے اپنے پہلے ڈومیسٹک فرسٹ کلاس سیزن میں کنگز مین اکیڈمی کی قیادت کرتے ہوئے 7 میچوں میں 66.09 کی اوسط سے 727 رنز اسکور کیے، جن میں 3 سنچریاں بھی شامل ہیں۔

19 سالہ فاسٹ بولر علی شبیر اب تک 8 فرسٹ کلاس میچوں میں 22 وکٹیں حاصل کر چکے ہیں۔ انہوں نے سری لنکا کے خلاف پریکٹس میچ میں بھی 3 وکٹیں حاصل کیں۔

ثاقب خان نے قائداعظم ٹرافی 2025-26 میں کراچی بلیوز کی ٹائٹل جیتنے کی مہم میں اہم کردار ادا کیا۔ انہوں نے 9 میچوں میں 20.60 کی اوسط سے 47 وکٹیں حاصل کیں، جبکہ ان کی بہترین انفرادی کارکردگی 34 رنز کے عوض 7 وکٹیں رہی۔

پاکستان اور سری لنکا کے درمیان پہلا ٹیسٹ میچ پیر 9 نومبر سے راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں شروع ہوگا۔

پاکستان کا 16 رکنی ٹیسٹ اسکواڈ

  1. بابر اعظم (کپتان)
  2. عامر جمال
  3. علی شبیر
  4. عرفات منہاس
  5. اذان اویس
  6. محمد عباس
  7. محمد غازی غوری (وکٹ کیپر)
  8. محمد سلیمان
  9. محمد طحٰہ
  10. محمد طیب عارف
  11. رضوان اللہ
  12. سعد بیگ (وکٹ کیپر)
  13. سلمان علی آغا
  14. سمیر منہاس
  15. ثاقب خان
  16. سعود شکیل
↑
Exit mobile version