پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں سرمایہ کاروں کی تعداد بڑھ کر ریکارڈ چھ لاکھ اکیاسی ہزار نو سو پینسٹھ ہو گئی ہے، جو ملک کی سرمایہ جاتی منڈیوں میں عوام کی بڑھتی ہوئی شرکت کو ظاہر کرتی ہے۔
وزیر خزانہ کے مشیر خرم شہزاد کے مطابق، پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں گزشتہ ماہ ریکارڈ پچیس ہزار سات سو سینتالیس نئے سرمایہ کار شامل ہوئے، جو گزشتہ سال کے اسی عرصے کے مقابلے میں چھیاسٹھ فیصد زیادہ ہے۔
سوشل میڈیا پر جاری بیان میں انہوں نے کہا کہ دو ہزار چھبیس کے پہلے دس ماہ کے دوران اسٹاک مارکیٹ میں دو لاکھ اٹھارہ ہزار آٹھ سو چورانوے نئے سرمایہ کار شامل ہوئے، جو گزشتہ چار برسوں میں مجموعی طور پر شامل ہونے والے سرمایہ کاروں کی تعداد سے بھی زیادہ ہیں۔
انہوں نے کہا کہ سرمایہ کاروں کی مجموعی تعداد میں گزشتہ سال کے مقابلے میں چھپن فیصد اضافہ ہوا ہے۔
خرم شہزاد نے کہا کہ نئے سرمایہ کاروں میں سے تقریباً پچاسی فیصد کا تعلق جنریشن زی اور ملینیئلز سے ہے، جو پاکستان کی سرمایہ جاتی منڈیوں میں نوجوانوں کی بڑھتی ہوئی دلچسپی ظاہر کرتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ سرمایہ کاروں کی بڑھتی ہوئی شرکت معاشی استحکام، بہتر ہوتے مجموعی معاشی اشاریوں اور حکومتی پالیسی کی سمت پر بڑھتے ہوئے اعتماد کا مظہر ہے۔
